یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ، پاکستان اور ادارہ فروغ قومی زبان کے زیر اہتمام عبد الرحمن پشاوری کی یاد میں کانفرنس کا انعقاد

130

اسلام آباد۔24دسمبر (اے پی پی):یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ اور ادارہ فروغ قومی زبان کے زیر اہتمام عبد الرحمن پشاوری کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے منگل کو ایوان اردو میں قومی کانفرنس منعقد ہوئی۔ وائس چانسلر جی سی ویمن یونیورسٹی فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر کنول امین نے کانفرنس کی کی صدارت کی۔ ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوغلوکانفرنس کے مہمان خصوصی تھے۔ یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ کے کنٹری ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر خلیل طوقار نے ابتدائی کلمات پیش کرتے ہوئے کانفرنس کے اغراض و مقاصد پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ عبد الرحمن پشاوری کے پڑ پوتے سلیم جان نے کلیدی خطبہ پیش کیا اور تفصیل سے عبد الرحمن پشاوری کی حیات و خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

ترکیہ اور پاکستان کے ممتاز دانشوروں اور اہل قلم نے عبد الرحمن پشاوری کے حوالے سے اظہار خیال کیا جن میں ایجوکیشن قونصلر، ترکیہ ایمبیسی ڈاکٹر میمہت طوئے ران ، سیما نو ایرجان، عبدالاکبر، ڈاکٹر فاروق عادل، ڈاکٹر صدف نقوی اور ڈاکٹر ضیاء الدین شامل تھے۔ کانفرنس کے مہمان خصوصی قابل احترام عرفان نذیر اوغلو نے مفصل انداز میں عبد الرحمن پشاوری کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور ترکیہ اور پاکستان کے صدیوں پر محیط برادرانہ تعلقات پر روشنی ڈالی۔ وائس چانسلر جی سی یونیورسٹی فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر کنول امین نے صدارتی خطبہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے عظیم ہیروز کو فراموش نہیں کرنا چاہئے۔

انہوں نے کانفرنس انتظامیہ بالخصوص پروفیسر ڈاکٹر خلیل طوقار، کنٹری ڈائریکٹر یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ اور پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم مظہر ، ڈائریکٹر جنرل، ادارہ فروغ قومی زبان، اسلام آباد کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا جن کی کاوشوں سے اس قدر اہم فکر انگیز کانفرنس منعقد ہوئی۔ ادارہ فروغ قومی زبان کے ڈائریکٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم مظہر نے تمام معزز مہمانوں بالخصوص پروفیسر ڈاکٹر کنول امین اور قابل احترام عرفان نذیر اوغلو کا شکریہ ادا کیا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ ادارہ فروغ قومی زبان کے دروازے ترکیہ اور پاکستان کے باہمی تعلقات کے استحکام کے لئے ہمیشہ کھلے ہیں۔