کراچی۔ 30 مئی (اے پی پی):وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ یونیورسٹیوں کو ”ٹیکنالوجی اور نالج انکیوبیٹرز”کے طور پر کام کرنا چاہیے، جہاں اختراعی آئیڈیاز فروغ پاتے ہیں اور مستقبل کے لیڈروں کی پرورش ہوتی ہے۔ جاری اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے جمعرات کی شام ڈی اے گالف اینڈ کنٹری کلب میں ڈی ایچ اے صفہ یونیورسٹی کے چوتھے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
ڈی ایچ اے صفہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر احمد سعید منہاس، چیئرمین ایچ ای سی سندھ ڈاکٹر طارق رفیع، ڈاکٹر عبدالباری اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔انہوں نے کہا کہ ڈی ایچ اے صفہ یونیورسٹی نے اپنے سفر کا آغاز 2012 میں شروع کیا اور آج مجھے ان کی کامیابیوں کو دیکھ کر بے حد خوشی محسوس ہورہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی نے بہت کم عرصے میں تیزی سے ترقی کی ہے اور بڑی خوش اسلوبی سے ترقی کی منزلیں طے کرکے آگے بڑھ رہی ہے۔
مراد علی شاہ نے یونیورسٹی کے وائس چانسلر، سینئر مینجمنٹ اور قابل فیکلٹی ممبران کو نوجوان گریجویٹس کے روشن مستقبل کے حوالے سے ان کی کاوشوں پرانہیں مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ آپ کا عظیم وژن و رہنمائی طلبہ کے لیے مشعل راہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صفہ یونیورسٹی اعلی تعلیم اور تحقیق کے لیے عالمی سطح پر تسلیم شدہ ادارہ بننے کے راستے پر گامزن ہے، جو علم کی سرحدوں کو وسیع کرے گا اور قوم کی تعمیر میں نمایاں کردار ادا کرے گا۔
مرادعلی شاہ نے پلے گروپ سے پوسٹ گریجویٹ سطح تک معیاری تعلیم فراہم کرنے پر ڈی ایچ اے کراچی کے کردار کو سراہا جس میں انجینئرنگ، کمپیوٹر اور مینجمنٹ سائنسز میں پی ایچ ڈی شامل ہیں۔ ڈی ایچ اے کراچی نے ہمیشہ معیاری تعلیم کے فروغ میں بھرپور توجہ دی ہے اور اسے پاکستانی نوجوانوں کے لیے قابل رسائی بنایا ہے۔ بلاشبہ کسی بھی قوم کی ترقی اور معاشی خوشحالی اس کے تعلیمی اداروں کے ہاتھ میں ہوتی ہے۔یونیورسٹیوں کا مقصد”ٹیکنالوجی اورنالج انکیوبیٹرز”کے طور پر کام کرنا ہے، جہاں اختراعی آئیڈیاز فروغ پاتے ہیں اور مستقبل کے لیڈروں کی پرورش ہوتی ہے۔
وزیراعلی سندھ نے کہا کہ ڈی ایچ اے کراچی بہت ہی نمایاں کام کررہی ہے جو قابل تحسین ہے۔ ڈی ایچ اے صفہ کی کوشش رہی ہے کہ وہ ملازمت تلاش کرنے کے بجائے ملازمت فراہم کرنے والے بنیں ۔انہوں نے کہا کہ ڈی ایچ اے صفہ یونیورسٹی روزگار کے رجحان کو فروغ دے رہی ہے جوکہ سندھ حکومت کے وژن پر کام کررہی ہے ، ہم بھی چاہتے ہیں کہ لوگوں کو روزگار میسر آئے اور صوبہ سندھ کے نوجوانوں کو روزگار اور سستے کاروبار کے مواقع فراہم کیے جائیں۔
وزیراعلی سندھ نے تمام فارغ التحصیل طلبا کو ان کے پیشہ ورانہ حصول میں نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ان پر زور دیا کہ وہ قوم کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ میرا آپ کو مشورہ ہے کہ اپنا پیشہ ورانہ کیریئر شروع کرنے کے بعد آپ کو اپنے اردگرد کی دنیا میں ہونے والی تبدیلیوں سے بخوبی آگاہ رہنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج کے جدید دور میں گریجویٹس کو نئے مواقع حاصل کرنے کی پوری کوشش کرنی چاہیے جنہیں قومی اور عالمی سطح پر تیز رفتار تکنیکی ترقی اور سماجی و اقتصادی تبدیلیوں کے ذریعے تخلیق کیا گیا ہے۔ مراد علی شاہ نے ڈی ایچ اے صفہ یونیورسٹی میں دو جدید ترین آرٹیفیشل انٹیلی جنس (AI) لیبز کے قیام کے لیے گرانٹ کا اعلان کیا۔ انہوں نے وائس چانسلر پر زور دیا کہ وہ انہیں لیب کے لیے اپنی تجویز پیش کریں ۔