یونیورسٹی آف بلوچستان سب کیمپس خاران میں پرائم منسٹر سکیم کے تحت لیپ ٹاپ کی تقسیم کے سلسلے میں پروقار تقریب کا انعقاد

127

خاران 02 فروری (اے پی پی):یونیورسٹی آف بلوچستان سب کیمپس خاران میں پرائم منسٹر سکیم کے تحت لیپ ٹاپ کی تقسیم کے سلسلے میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا ہے،تقریب میں نظامت کے فرائض آئی ٹی کی طالبہ بی بی نازش بلوچ نے سرانجام دیے۔

اس موقع پر ڈاریکٹر سب کیمپس عقیل احمد بلوچ ،اکیڈمک کوآرڈینیٹر شاکر علی بلوچ بھی موجود تھے، پرائم منسٹر لیپ ٹاپ سکیم کے تحت ہونہار طلبا اور طالبات میں انجینئر سمیع اللہ درانی اورانجینئر حاکم بلوچ نے لیپ ٹاپ تقسیم کیے۔

اس موقع اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایگزایمنیشن تنویر صالح اورانجینئر سمیع اللہ درانی نے کہا کہ سب کیمپس کے تعلیمی معیار اور نظم و ضبط مثالی ہے ،محدود وسائل میں طلباء کو سہولت مہیاکرنا سب کیمپس انتظامیہ کی بہترین کاوش اور کوششوں کی عکاسی کرتا ہے، انہوں نے کہا کہ اس ادارے سے مشترکہ طور پر پورے رخشان ڈویژن کے روشن مستقبل وابستہ ہے ۔

انہوں نے لیپ ٹاپ حاصل کرنے والے طلبا وطالبات کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے مزید کہا کہ طلباء وطالبات ہمارے روشن مستقبل کے معمار ہیں، انہیں جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرکے مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے، انہوں نے کہا کہ ہمارے طلباء وطالبات میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں لیکن مالی مشکلات اور بنیادی سہولیات کے فقدان کی وجہ سے دور جدید کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے میں مشکلات سے دوچار ہیں ۔

اس موقع پر سب کیمپس خاران کے آئی ٹی ٹیکنیشن غلام علی بلوچ کے علاوہ فکلیٹی ممبران اور طلباو طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔