کوئٹہ۔ 21 اپریل (اے پی پی):یونیورسٹی آف بلوچستان کے فیکلٹی ٹریننگ اینڈ ڈویلپمنٹ سینٹر (ایف ٹی ڈی سی)اور ڈی آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ نے تمام فیکلٹیز کے فیکلٹی ممبران،شعبہ جات کے سربراہان،کوآرڈینیٹرز اور متعلقہ انتظامی عملے کے لیے ڈیپارٹمنٹل انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم (ڈی آئی ایم ایس) پر ایک جامع تربیتی سلسلہ شروع کیا ہے۔ یہ سیشنز ڈائریکٹر ڈی آئی ٹی محمد سلال خان کی سربراہی میں منعقد ہو رہے ہیں جو ڈی آئی ایم ایس کے تعلیمی اور انتظامی عمل میں استعمال کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کر رہے ہیں۔ڈی آئی ایم ایس ایک ویب بیسڈ سسٹم ہے جو یونیورسٹی میں سمسٹر سسٹم کے تمام مراحل کو خودکار بنانے کے لیے تیار کیا گیا ہے جس میں طلبا کے نتائج کی آن لائن اپ لوڈنگ، ڈیٹا مینجمنٹ
اور امتحانی عمل شامل ہیں۔ اس تربیت کا مقصد فیکلٹی ممبران کو ڈی آئی ایم ایس کے مثر استعمال میں مہارت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنے متعلقہ شعبہ جات میں اس نظام کو مثر طریقے سے نافذ کر سکیں۔چیئرپرسن ایف ٹی ڈی سی، ڈاکٹر شاہدہ حبیب علیزئی نے تمام شرکا کو خوش آمدید کہا اور یونیورسٹی میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے انضمام کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام شعبہ جات کے سربراہان، کوآرڈینیٹرز اور کمپیوٹر سے واقف انتظامی عملہ اس تربیتی سیشن میں شرکت کریں تاکہ وہ اپنے شعبہ جات کے باقی عملے کو بھی تربیت دے سکیں۔محمد سلال خان نے ڈیپارٹمنٹل انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم (ڈی آئی ایم ایس) پر فیکلٹی آف فزیکل اینڈ انوائرنمنٹل سائنسز کے فیکلٹی ممبران
کوآرڈینیٹرز اور متعلقہ انتظامی عملے کوایک تفصیلی پریزنٹیشن دی جس میں طلبا کے آن لائن نتائج، ڈیٹا انٹری، نمبرز اور ناموں کی فہرستوں کے انتظام میں اس کے استعمال کو اجاگر کیا گیا۔ یہ سیشن نہایت معلوماتی اور انٹرایکٹو رہا جس میں فیکلٹی ممبران نے بھرپور شرکت کی اور ڈی آئی ایم ایس کی خصوصیات اور اس کے نفاذ سے متعلق کئی اہم سوالات کیے۔تمام شعبہ جات کیتربیتی سیشنز کا شیڈول درج ذیل ہے،22 اپریل 2025 کو فیکلٹی آف بایولوجیکل، فارماسیوٹیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز،23 اپریل کو فیکلٹی آف مینجمنٹ اینڈ انفارمیشن سائنسز،24 اپریل فیکلٹی آف آرٹس اینڈ ہیومینٹیز،25 اپریل فیکلٹی آف لٹریچر اینڈ لینگویجز،28 اپریل 2025 کو فیکلٹی آف سوشل سائنسزہونگے۔