یونیورسٹی آف سرگودھا اور ایورسٹ انٹرنیشنل ایکسپو کے زیر اہتمام ساتویں پاکستانی صنعتی نمائش کا آغاز

233

سرگودہا۔25نومبر (اے پی پی):یونیورسٹی آف سرگودھا اور ایورسٹ انٹرنیشنل ایکسپو کے زیر اہتمام ساتویں پاکستانی صنعتی نمائش کا آغاز ہوگیا ہے۔نمائش میں مختلف قومی و بین الاقوامی کمپنیوں کی جانب سے صنعتی مصنوعات کے سٹالز لگائے گئے۔ نمائش کا افتتاح صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ و لائیوسٹاک ابراہیم حسن مراد اور وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے ایکسپو سنٹر لاہور میں کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی قونصل چائنیز لاہور مسٹر ڈو، پاکستانی چائینہ کمپنی کے ڈائریکٹر وانگ، پرو وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر میاں غلام یٰسین، ڈائریکٹر اورک پروفیسر ڈاکٹر احمد رضا بلال، ڈائریکٹر نون بزنس سکول پروفیسر ڈاکٹر غلام علی بھٹی،ڈائریکٹر ایکسٹرنل لنکجز پروفیسر ڈاکٹر اعجاز اصغر بھٹی،

رجسٹرار یونیورسٹی آف سرگودھا وقار احمد، عمائدین شہر، مختلف چائنیزز کمپنیوں کے ڈائریکٹرز، مالکان اور پاکستان بھر سے آئے ہوئے معروف تاجر، ایکسپورٹرز، امپورٹرز، مختلف یونیورسٹیز کے اساتذہ، طلباء و طالبات اور عام شہریوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔فتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ، لائیو سٹاک، مائنز و منرلز ابراہیم حسن مراد نے کہا کہ پاکستان کو معاشی حوالے سے بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے اور معیشت کو حقیقی معنوں میں بحال کرنے میں ہمیں سرمایہ کاری کی اشد ضرورت ہے۔

پاکستان جنوبی ایشیاء کا ایک انتہائی اہم ملک ہے جس میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع اور سہولیات موجود ہیں۔ اس وقت نگران حکومت وطن عزیز کی ترقی و استحکام کے لئے غیر معمولی اقدامات کررہی ہے اور سرمایہ کاری اور تجارت کو بڑھانے کے لئے دیگر ممالک بالخصوص چین کے ساتھ خصوصی تجارتی اقدامات اور معاہدات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کا انتہائی قریبی دوست ہے جس کے ساتھ پاکستان کے تعلقات ہمیشہ سے خوشگوار رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی عوام سی پیک جیسے عظیم منصوبے کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے جس کے باعث پاکستان میں 100 ارب ڈالرز سے زائد کی سرمایہ کاری ہوگی۔

صوبائی وزیر ابراہیم حسن مراد نے ساتویں پاکستانی صنعتی نمائش کو تجارتی اور تعلیمی شعبے کے حوالے سے ایک بہت بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس نمائش کا انعقاد کرنے پر یونیورسٹی آف سرگودھا حقیقی معنوں میں مبارک باد کی مستحق ہے اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس انڈسٹری اور تعلیم کو آپس میں جوڑنے کے لئے جو اقدامات کررہے ہیں وہ قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہم چین کی کمپنیوں کو تجارت اور امپورٹ ایکسپورٹ کے حوالے سے بھرپور مواقع بھی فراہم کریں گے نیز تجارت کو فروغ دینے میں اپنے سرمایہ کاروں کی ہر فورم پر مدد اور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

ساتویں پاکستانی صنعتی نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کہا کہ کسی بھی ملک کی تقدیر کو بدلنے اور اسے ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے اس کی صنعت کا اہم کردار ہوتا ہے۔ انڈسٹری و صنعت اسی صورت فروغ پاسکتی ہے جب تعلیم اورانڈسٹری کو آپس میں جوڑا جائے کیونکہ نئی ایجادات و دریافت ہمیشہ تعلیمی اداروں بالخصوص یونیورسٹیوں سے ہی ملتی ہے۔ وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے مزید کہا کہ ہمارے لئے یہ امر انتہائی خوش آئند ہے کہ ہمارے طالب علم بہترین پراجیکٹس بنا رہے ہیں اور آج کی نمائش میں 14 بہترین پراجیکٹس کو پیش کیا جائے گاجو یقینی طور پر انڈسٹری کے میدان میں سنگ میل ثابت ہوگا۔

وائس چانسلر نے اس موقع پر مزید کہا کہ پاک چین تجارت میں اس وقت بہترین مواقع سامنے آرہے ہیں اور سی پیک کے ذریعے ترقی کے بہت سے مواقع کھل کر سامنے آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک صرف چین یا اس کی متعلقہ کمپنیوں کی ذمہ داری نہیں بلکہ یہ دونوں ممالک کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ ہم آنے والی نسلوں کی بہتری کے لئے اس پراجیکٹ کو کامیاب کریں۔ اس موقع پر پاک چائینہ کمپنی کے ڈائریکٹر وانگ نے کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیا کا ایک اہم ترین ملک ہے اور اس کی اہمیت کو دیکھتے ہی ہم یہاں پر سرمایہ کاری کررہے ہیں اور یہ سرمایہ کاری وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مزید فروغ پائے گی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ‘ لائیوسٹاک‘ مائینز و منرلزابراہیم حسن مراد نے وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس کے ہمراہ ساتویں پاکستان صنعتی نمائش کے لگائے گئے مختلف سٹالز کا دورہ کیا۔

انہوں نے اس موقع پر چائینہ سے آئے ہوئے مختلف کمپنیوں کے ڈائریکٹرز، سی ای اوز، مالکان اور سرمایہ کاروں سے خصوصی گفتگو کی اور ان کے ساتھ سرمایہ کاری، مختلف جدید پراجیکٹس اور امپورٹ وایکسپورٹ کے حوالے سے خصوصی بات چیت کی۔صوبائی وزیر نے اس موقع پر مختلف یونیورسٹیوں سے آئے ہوئے اساتذہ اور طلباء و طالبات سے بھی گفتگو کی اور انہیں وطن عزیز کی ترقی و استحکام اور نئی ایجادات و دریافت کے حوالے سے بھی خصوصی گفتگو کی۔

ساتویں صنعتی نمائش 2023ء میں 100سے زائد چائنیز کمپنیوں نے بھی200سے زائد سٹالز لگائے جبکہ یونیورسٹی آف سرگودھا نے اپنے مختلف قسم کے رجسٹرڈ پیٹنٹ، فوڈ پراڈکٹس، فائن آرٹس کے فن پارے،ایگری کلچر کالج کے جدید زرعی ماڈلز بھی پیش کئے جو حاضرین کی دلچسپی کا باعث بنے رہے اور انہیں اساتذہ اور طلباء و طالبات نے بے حد سراہا۔