یونیورسٹی آف سرگودھا اور ایورسٹ انٹرنیشنل کے زیر اہتمام پاکستان انڈسٹریل ایکسپو9 نومبرکو لا ہور میں ہو گی

138

سرگودھا-05 نومبر (اے پی پی):یونیورسٹی آف سرگودھا اور ایورسٹ انٹرنیشنل کے زیر ِ اہتمام پاکستان انڈسٹریل ایکسپو کے آٹھویں ایڈیشن کا آغاز9 نومبر 2024 سے لاہور ایکسپو سینٹر میں ہوگا جو تین روز تک جاری رہے گا ۔ ایکسپو میں انڈسٹری سے وابستہ 130سے زائد قومی و بین الاقوامی کمپنیاں شرکت کریں گی۔ اس نمائش میں مختلف جدید صنعتی مشینری اور آئیڈیاز کو فروغ دیا جائے گا جن میں سی این سی مشینری، مکینیکل آلات، صنعتی اجزاء، آٹوموٹو و موٹر سائیکل پارٹس اور ایکسیسریز، ہارڈویئر ٹولز، تعمیرات و سجاوٹ، قابل تجدید توانائی اور دیگر شعبے شامل ہیں۔

اس نمائش میں سی این سی کے شعبے کی اہم چینی کمپنیاں بھی حصہ لیں گی جو اپنی جدید ترین مشینری اور ٹیکنالوجیز پیش کریں گی۔ پاکستان انڈسٹریل ایکسپو کے آٹھویں ایڈیشن سے متعلق منعقدہ پریس بریفنگ کے دوران میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کہا کہ یونیورسٹی آف سرگودھا تعلیم کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ ملکی اقتصادی ترقی اور جدید ٹیکنالوجی کو فروغ دینے کیلئے کوشاں ہے، پاکستان انڈسٹریل ایکسپو کے لیے شراکت داری بھی اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے۔

وائس چانسلر نے میڈیا کو بتایا کہ اس سال کی پاکستان انڈسٹریل ایکسپو صرف صنعتی طاقت کا مظاہرہ نہیں ہے بلکہ یہ جدت، تعاون اور اقتصادی مواقع کا سنگم ہے۔ اس نمائش میں مختلف سرگرمیاں شامل ہوں گی جن میں مصنوعات کی لانچنگ، فنی سیمینارز اور کاروباری ملاقاتوں کے سیشنز شامل ہیں۔ یہ سرگرمیاں شرکاء کو صنعت کے رہنماؤں سے بات چیت کرنے، جدید ٹیکنالوجیز کا جائزہ لینے اور قیمتی شراکت داریوں کے قیام کے بہترین مواقع فراہم کریں گی۔ ڈائریکٹر ایوریسٹ انٹرنیشنل ایکسپو وانگ زیہائی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں

فخر ہے کہ ہمیں متعدد کاروباری ایسوسی ایشنز کی حمایت حاصل ہے جو اس ایونٹ کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے اور پاکستان میں اقتصادی ترقی اور ٹیکنالوجی کی جدت کو فروغ دینے میں اس کے کردار کو ثابت کرتی ہے۔ وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد علی شاہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی انڈسٹریل ایکسپو میں بھرپور شرکت کرے گی اور ادارے کی پروڈکٹس کو نمائش کا حصہ بنائے گی۔ انہو ں نے مزید کہا کہ انڈسٹریل ایکسپو کا انعقاد پاکستان کی صنعت کے لیے خوش آئند ہے

اور ایسی سرگرمیوں کا انعقاد تسلسل سے ہونا چاہیے تاکہ صنعتی سرگرمیوں کو فروغ ملے اور اقتصادی ترقی کی راہ ہموار ہو۔ ارمغان مقیم، منیجنگ پارٹنر ایوریسٹ انٹرنیشنل ایکسپو نے بھی میڈیا سے بات کی اور ان تین دنوں میں باہمی تعاون کے ذریعے پاکستانی صنعتوں کو مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ ڈپٹی جنرل منیجر ایوریسٹ انٹرنیشنل ایکسپو ذیشان ہاشمی نے کہا کہ یہ ایک منفرد موقع ہے جو پاکستان کی صنعت کے مستقبل کو تشکیل دے گا جبکہ اس ایکسپو کے فوائد پورے معاشرے تک پہنچیں گے۔انہوں نے پاکستان کے تمام صنعتی شعبوں کے اسٹیک ہولڈرز کو پاکستان انڈسٹریل ایکسپو 2024 میں شامل ہونے کی دعوت دی۔

یہاں پر یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ پاکستان انڈسٹریل ایکسپو کے آٹھویں ایڈیشن کے دوران وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس پاکستان میں اقتصادی اور ٹیکنالوجی کی ترقی اور پاکستانی اداروں کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داریوں کی اہمیت کو اجاگر کریں گے۔پروفیسر ڈاکٹر محمد علی، وائس چانسلر یونیورسٹی آف پنجاب، تعلیمی اداروں اور صنعتی شعبے کے درمیان تعاون کی اہمیت اور مستقبل کی ایسی پہلوں پر گفتگو کریں گے جو ان دونوں شعبوں کے درمیان خلا کو ختم کرنے میں مددگار ہوں۔

نعیم چوہدری، نائب چیئرمین کنسٹرکٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان، نمائش کے تعمیراتی صنعت پر اثرات اور مقامی کنسٹرکٹرز کے لیے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ تعاون کے مواقعوں پر گفتگوکریں گے۔ اس کے علاوہ، عاصم رفیق، صدر داروغہ والا انڈسٹری اونرز ایسوسی ایشن، پاکستان کی مینوفیکچرنگ اور صنعتی شعبوں کے لیے اس نمائش کی اہمیت کی مکمل حمایت کریں گے اور صنعتی ترقی اور مسابقت کو فروغ دینے کی حکمت عملیوں پر بات کریں گے۔