یونیورسٹی آف سرگودھا اور ایورسٹ انٹرنیشنل ایکسپو کے زیر اہتمام آٹھویں پاکستانی صنعتی نمائش کا آغاز ہوگیا

100

سرگودھا ۔ 10 نومبر (اے پی پی):یونیورسٹی آف سرگودھا اور ایورسٹ انٹرنیشنل ایکسپو کے زیر اہتمام آٹھویں پاکستانی صنعتی نمائش 2024ء کا آغاز ہوگیا ہے۔ نمائش کا افتتاح گورنر پنجاب سردارسلیم حیدر نے ایکسپو سنٹر لاہور میں کیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس، وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر محمد علی شاہ، وائس چانسلر یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور پروفیسر ڈاکٹر عاکف انور، پرو وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر میاں غلام یٰسین، ڈائریکٹر ایورسٹ انٹرنیشنل مسٹر وانگ زیہائی، چیف ایگزیکٹو آفیسر ایورسٹ انٹرنیشنل یوسف فا، منیجر زورین چنگ، یونیورسٹی ڈینز، ڈائریکٹر اورک پروفیسر ڈاکٹر احمد رضا بلال، عمائدین شہر، مختلف چائینیز کمپنیز کے ڈائریکٹرز، مالکان اور پاکستان بھر سے آئے ہوئے معروف تاجر، ایکسپورٹرز، امپورٹرز، مختلف یونیورسٹیز کے اساتذہ، طلباء و طالبات اور عام شہریوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرپنجاب و چانسلر سردار سلیم حیدر نے کہا کہ چائینہ پاکستان کا تجارتی حوالے کے ساتھ ہر فورم پر ایک قریبی دوست ہے۔ پاکستان کے چائینہ کے ساتھ ہمیشہ خوشگوار تعلقات رہے اور پاکستان و چائینہ کی عوام بھی دونوں ممالک کے تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے آٹھویں پاکستانی صنعتی نمائش کو تجارتی اور تعلیمی شعبہ کے حوالے سے بہت بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس نمائش کا انعقاد کرنے پر وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا اور ان کی ٹیم انڈسٹری اور تعلیم کو آپس میں جوڑنے کے لئے جو اقدامات کررہی ہے وہ انتہائی قابل ستائش ہیں۔ گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ ہم پاکستان میں چائنیز کمپنیز تجارت اور امپورٹ ایکسپورٹ کے حوالے سے بھرپور مواقع بھی فراہم کررہے ہیں۔نیز پاکستان میں بھی اپنے سرمایہ کاروں کی ہر فورم پر مدد اورحوصلہ افزائی کررہے ہیں۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ چائینہ پاکستان کو ہر فورم پر سپورٹ کررہا ہے اور اب اللہ کے فضل و کرم سے پورے وطن عزیز میں معاشی سرگرمیاں بحال ہوگئی ہیں۔ گورنر پنجاب مزید کہا کہ 100 سے زیادہ چائنیز کمپنیوں کا پاکستان میں آنا وطن عزیز پر بھرپور اعتماد اور پر امن ہونے کا مظہر ہے اور یہ اعتماد وقت کے ساتھ مزید بڑھ رہا ہے۔ گورنر پنجاب نے اس موقع پر وائس چانسلر یونیورسٹی آف ایجوکیشن پروفیسر ڈاکٹر عاکف انور اور وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر محمد علی شاہ کی کاوشوں کو بھی خصوصی طور پر سراہا۔وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے آٹھویں پاکستانی صنعتی نمائش سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ملک کی تقدیر کو بدلنے اور اسے ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے صنعت کا اہم اور مرکزی کردار ہوتا ہے۔ انڈسٹری اسی صورت فروغ پاسکتی ہے جب تعلیم اور انڈسٹری کو آپس میں جوڑا جائے کیونکہ نئی ایجادات اور دریافت ہمیشہ تعلیمی اداروں بالخصوص یونیورسٹیوں سے ہی سامنے آتی ہیں۔

وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے مزید کہا کہ ہمارے لئے یہ امر انتہائی خوش آئند ہے کہ ہمارے طالب علم بہترین علمی پراجیکٹس بنا رہے ہیں جنہیں آج کی نمائش میں پیش کیا گیا ہے جو یقینی طور پر انڈسٹری کے میدان میں سنگ میل ثابت ہوگا۔ وائس چانسلر نے اس موقع پر مزید کہا کہ پاک چین تجارت میں اس وقت بہترین مواقع سامنے آرہے ہیں اور سی پیک کے ذریعے ترقی کے بہت سے مواقع کھل کر سامنے آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک صرف چائینہ یا اس کی متعلقہ کمپنیوں کی ذمہ داری نہیں بلکہ یہ دونوں ممالک کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ ہم آنے والی نسلوں کی بہتری کے لئے اس پراجیکٹ کو کامیاب کریں۔

اس موقع پر ایوریسٹ انٹرنیشنل ایکسپو کے ڈائریکٹر مسٹر وانگ زیہائی نے کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیا کا ایک اہم ترین ملک ہے اور اس کی اہمیت کو دیکھتے ہی ہم یہاں پر سرمایہ کاری کررہے ہیں اور یہ سرمایہ کاری وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مزید فروغ پائے گی۔ اس سال کی پاکستان انڈسٹریل ایکسپو صرف صنعتی طاقت کا مظاہرہ نہیں ہے یہ جدت، تعاون اور اقتصادی مواقع کا سنگم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہمیں متعدد کاروباری ایسوسی ایشنز کی حمایت حاصل ہے جو اس ایونٹ کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہیں اور پاکستان میں اقتصادی ترقی اور ٹیکنالوجی کی جدت کو فروغ دینے میں اس کے کردار کو ثابت کرتی ہیں۔