سرگودھا۔ 30 مئی (اے پی پی):یونیورسٹی آف سرگودھا اور سنٹرل ایشیا ریجنل اکنامک کوآپریشن انسٹیٹیوٹ کے درمیان باہمی تعاون کا معاہدہ طے پا گیا۔ ترجمان سرگودھا یونیورسٹی کے مطابق پانچ سالہ معاہدے کا مقصد خطے میں تعلیمی و تحقیقی تعاون کو فروغ دینا اور پالیسی سازی کے عمل کو مشترکہ طور پرمستحکم بنانا ہے۔مفاہمتی یادداشت پر دستخط وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس اور کیریک انسٹیٹیوٹ کے ڈائریکٹر چری محمد شالیئیف نے کیے۔
دونوں اداروں نے وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ معاشی تعاون اور علمی تبادلے کو فروغ دینے کے مشترکہ وژن پر زور دیا۔تقریب میں وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ اور چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔معاہدے کے تحت دونوں ادارے تحقیق، استعداد کار میں اضافے اور پالیسی سازی کے شعبوں میں ایک دوسرے کی مہارت سے فائدہ اٹھائیں گے تاکہ خطے میں خوشحالی، پائیدار ترقی اور علاقائی انضمام کو فروغ دیا جا سکے۔ اس معاہدے کے تحت دونوں فریقین ڈیجیٹل معیشت اور پائیدار ترقی کے لیے مل کر کام کریں گے جبکہ کانفرنسز اور ویبینارز کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔
معاہدے میں فیکلٹی کے تبادلہ، طلبہ کیلئے کیریک انسٹیٹیوٹ میں انٹرن شپس اور پالیسی بریفز کی اشاعت بھی شامل ہے۔ اس شراکت داری کے ذریعے 11 رُکنی سارک بلاک جس میں افغانستان، چین، پاکستان اور کئی وسطی ایشیائی ممالک شامل ہیں کے درمیان ڈیٹا شیئرنگ اور تحقیقی ذرائع تک رسائی کو وسعت دی جائے گی۔معاہدے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، جن سے مؤثر اصلاحات اور سرمایہ کار دوست پالیسیوں کے ذریعے بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور تجارتی طریقہ کار میں آسانی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے اسپیشل اکنامک زونز میں دستیاب مراعات، جیسا کہ مشینری پر کسٹم ڈیوٹی کی چھوٹ اور 10 سال کے لیے انکم ٹیکس سے استثنیٰ، کو سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش قرار دیا۔چیئرمین ایچ ای سی پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد نے پاکستان میں بین الاقوامی کانفرنس کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک محفوظ، پُرامن اور مہمان نواز ملک ہے، اور ایسی تقریبات دنیا میں پاکستان کی مثبت شبیہ اجاگر کرنے میں معاون ثابت ہوتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی محققین اور مہمانوں کو خوش آمدید کہنا ملک کا مثبت تاثر پیش کرنے کا مؤثر ذریعہ ہے۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کہا کہ سارک انسٹیٹیوٹ کے ساتھ اشتراک کا مقصد مشترکہ تحقیق کو فروغ دینا، علم کے تبادلے کو بڑھانا اور ایسی پالیسی سازی میں کردار ادا کرنا ہے جو پائیدار ترقی اور علاقائی معاشی انضمام میں معاون ہو۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=603232