سرگودہا۔13اکتوبر (اے پی پی):یونیورسٹی آف سرگودھا میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے واک کا انعقاد کیا گیا جس کے ذریعے بالخصوص مسلمان ممالک اور بالعموم اقوامِ عالم کو پیغام دیا کہ وہ غزہ کے نہتے مسلمانوں پر اسرائیلی مظالم کو بند کرانے اور آزاد و خود مختار فلسطینی ریاست کے قیام کیلئے عملی اقدامات کریں۔ ڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹ افیئرز کے زیرِ اہتمام منعقدہ اس واک کی قیادت وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کی۔
یونیورسٹی فاؤنٹین چوک سے شروع ہونے والی واک لائبریری چوک پر جا کر اختتام پزیر ہوئی جس میں طلبا و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ واک میں شریک طلبہ نے ہاتھوں میں پلے کارڈز، پوسٹر اور بینر اٹھا کر مظلوم فلسطینیوں سے یکجہتی کا اظہار کیااور اسرائیلی بربریت کی مذمت کرتے ہوئے فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے حق میں آواز بلند کی۔واک کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے اعلان کیا کہ کامسٹیک کے ذریعے یونیورسٹی آف سرگودھا فلسطین کے 9طلبہ کو مفت داخلہ اور دیگر سہولیات فراہم کرے گی۔
اس اقدام کا بنیادی مقصد فلسطین کے مسلمانوں سے یکجہتی ومحبت کا عملی اظہار کرنا ہے۔ انہوں نے غزہ کی سرزمین پر اسرائیلی یلغار، بربریت اور وحشیانہ بمباری سے ہونے والی مظلوم فلسطینیوں کی اموات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور اسرائیلی سفاکیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کی جانب سے فلسطین پر شدید بمباری کی جا رہی ہے اور دوسری جانب بجلی، ایندھن، پانی، خوراک اور ادویات سمیت دیگر بنیادی ضروریاتِ زندگی کی بندش کر کے فلسطینی شہریوں کی نسل کشی کی کوشش کی جا رہی ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ اسرائیلی بربریت کے خاتمہ اور فلسطین کی آزادی کے لیے امتِ مسلمہ کو متحد ہو کر اقدامات کریں۔ واک میں پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر میاں غلام یاسین، ڈائریکٹر ایکسٹرنل لنکجزپروفیسر ڈاکٹر اعجاز اصغر بھٹی، ڈائریکٹر سٹوڈنٹ افیئرز پروفیسر ڈاکٹر محمود الحسن، ڈائریکٹر نون بزنس سکول پروفیسر ڈاکٹر غلام علی بھٹی سمیت مختلف تعلیمی و انتظامی شعبہ جات کے صدور، فیکلٹی و سٹاف ممبران بھی موجود تھے۔واک کے اختتام پر اسسنٹ پروفیسر شعبہ علومَ اسلامیہ ڈاکٹر فیروز الدین شاہ نے مظلوم فلسطینیوں کی آزادی اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کیلئے خصوصی دعا بھی کی۔