یونیورسٹی آف سرگودھا میں تعلیمی پروگرامز میں یکساں قواعد و ضوابط کا اطلاق یقینی بنانے کے حوالے سے تربیتی ورکشاپ

275

سرگودہا۔10دسمبر (اے پی پی):یونیورسٹی آف سرگودھا میں ڈائریکٹوریٹ آف اکیڈمکس کے زیر اہتمام تمام تعلیمی پروگرامز میں یکساں قواعد و ضوابط کے اطلاق کو یقینی بنانے کیلئے تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں تمام تدریسی اکائیوں کے ذریعے انڈرگریجویٹ، گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ تعلیمی پروگرامز میں سمسٹر کے اصول و ضوابط کے یکساں نفاذ کو یقینی بنانے کے لیے عملہ کو تربیت فراہم کی گئی۔ ورکشاپ کے ماسٹر ٹرینرز میں ڈائریکٹر اکڈیمکس ڈاکٹر عظمیٰ شہزادی، ایڈیشنل کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد فاروق، ایڈیشنل کنٹرولر امتحانات چودھری محمد فاروق اور ڈپٹی رجسٹرار اکیڈ محمد آصف شامل تھے۔

مختلف سیشنزمیں سمسٹر سسٹم کے قواعد و ضوابط، سمسٹر سسٹم میں پیش آنے والے ممکنہ مسائل، ان کے حل اور دیگر سرگرمیوں کے بارے میں تربیت فراہم کی گئی۔ تربیتی سیشن میں امتحانی ضوابط اور مقالہ کی جانچ پڑتال سے متعلق تمام پہلوؤں کا احاطہ کیا گیا۔ مزید بر آں ایم ایس/ایم/فل اور پی ایچ ڈی اسکالر ہونے کی اہلیت کے معیار، مقالے کی جانچ پڑتال اور مقالہ جمع کرنے سے متعلق تفصیلی معلومات فراہم کی گئی۔ جانچ پڑتال کے عمل کا تفصیلی نقطہ نظر پیش کرتے ہوئے گریڈنگ سسٹم، پروموشن کے معیار اور اسکالرشپس کی تقسیم سے متعلق بھی رہنمائی دی گئی۔

اس کے علاوہ ٹریننگ سیشنز میں سمسٹر سسٹم کے اصول و ضوابط کے یکساں نفاذ سے متعلق انڈر گریجویٹ، گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ پروگراموں کے لیے سمسٹر کے اصول و ضوابط بتائے گئے جس میں فیکلٹی ممبران کو طلبہ کی 75 فیصد لازمی حاضری، سمسٹر ودڈرا اور منجمد کروانے، مقالہ جات کی جانچ پڑتال،کورس کے کوڈز،گریڈ میں بہتری لانے، دوبارہ داخلے کے کیسز، ڈگری دینے کے لیے تقاضے، نگرانی کا عمل، قانونی منظوری اور امتحانات کے متعلق تمام تعلیمی تقاضوں سے متعارف کروایا گیا۔ سیشن کے اختتام پر سوالات و جوابات کے سیشن کے ساتھ ساتھ فیڈ بیک فارم کے ذریعے مستقبل کی تربیت کے لیے سفارشات بھی طلب کی گئیں۔