یونیورسٹی آف سرگودھا میں سنڈیکیٹ اجلاس ، 6 ارب روپے کے بجٹ کی منظوری

20

سرگودھا ۔ 30 جون (اے پی پی):یونیورسٹی آف سرگودھا میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس کی زیر صدارت سنڈیکیٹ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں مالی سال 2025-26کےتحت 6 ارب روپے کے بجٹ کی منظوری دی گئی۔ رجسٹرار سرگودھا یونیورسٹی وقار احمد نے سنڈیکیٹ کا ایجنڈا پیش کیا۔ اجلاس میں سنڈیکیٹ کے ارکان چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن پنجاب پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خان، چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کے نمائندہ پروفیسر ڈاکٹر طارق محمود (سابق وائس چانسلر یونیورسٹی آف نارووال)، ممبر صوبائی اسمبلی منصوراعظم سندھو، ممبر صوبائی اسمبلی سردار عاصم شیر میکن، ایڈیشنل سیکرٹری ہائیرایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ زاہدہ اظہر،ایڈیشنل ڈائریکٹر قانون و پارلیمانی امور شاہد امتیاز، ڈپٹی سیکرٹری فنانس ڈیپارٹمنٹ حکومت پنجاب عامرشاہین رانجھا، ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر مسعود سرور اعوان، ڈین فیکلٹی آف سائنسز پروفیسر ڈاکٹر عامر علی اور پرنسپل انبالہ مسلم کالج سرگودھا ڈاکٹر محمد اظہر عباس بھی موجود تھے۔

اجلاس میں وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے تمام ممبران سنڈیکیٹ کو خوش آمدید کہا اور انہیں یونیورسٹی میں جاری تعلیمی، تحقیقی، انتظامی اور تعمیراتی کاموں کے بارے میں بریفنگ دی اور بتایا کہ ہم نے اس وقت یونیورسٹی کے تمام شعبہ جات کو نہ صرف اپ گریڈ کردیا ہے بلکہ نئی اصلاحات بھی متعارف کروائی ہیں۔

سنڈیکیٹ نے اجلاس میں فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں یونیورسٹی کے 6 ارب روپے کے بجٹ برائے مالی سال 2025-26 کی منظوری دی۔ اجلاس میں حال ہی میں قائم ہونے والے انٹرڈسپلنری ریسرچ سنٹر فار ون ہیلتھ اور ایڈوانس سٹڈیز اینڈ ریسرچ ڈائریکٹوریٹ کے لئے نئی اسامیوں کی منظوری دی نیز یونیورسٹی آف سرگودھا میں قائم فارماسوٹیکل انڈسٹریل یونٹ کو مشترکہ منصوبہ کے طور پر چلانے کی بھی منظوری دی گئی۔

اس موقع پر سنڈیکیٹ نے سپن آف اور سٹارٹ اپ کمپنیاں قائم کرنے کی بھی منظوری دی۔ اجلاس میں تمام ممبران سنڈیکیٹ وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس کی قائدانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے انہیں یونیورسٹی کو اپ گریڈ کرنے اور حال ہی میں ہائیر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کی جانب سے X کیٹیگری یونیورسٹی کا درجہ حاصل کرنے پر دلی مبارک باد دی اور یونیورسٹی میں 2.7 میگاواٹ کے سولر سسٹم کو مکمل فعال ہونے پر بے حد سراہا۔اجلاس کے اختتام پر ممبران سنڈیکیٹ نے یونیورسٹی میں قائم ہسٹری وال کا بھی دورہ کیا اوریونیورسٹی کی تاریخ محفوظ کرنے پر وائس چانسلر کو خصوصی مبارک باد پیش کی۔