سرگودھا ۔9دسمبر (اے پی پی):یونیورسٹی آف سرگودھا میں لنکن کارنر کے زیر ِ ِاہتمام ”صنفی بنیاد پر تشدد کے خاتمہ کیلئے قانونی معاونت کی فراہمی اور میڈیا کے ردِ عمل کی ضرورت“ پر خصوصی نشست کا انعقاد کیا گیا جس میں ایگزیکٹو ممبر ڈسٹرکٹ کورٹ کیبنٹ ایڈوکیٹ ثوبیہ رفعت، فری لانس جرنلسٹ و سوشل میڈیا انفلوئنسر مریم اسلم اور پروگرام مینجر لنکن کارنر نمرہ ضیاء سمیت طلبا و طالبات نے شرکت کی۔
نشست کے دوران ماہرین نے صنفی بنیاد پر تشدد کے خاتمہ کیلئے قانونی معاونت اور میڈیا کے ذریعے ایسے رویوں کیخلاف شعور بیدارکرنے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ ماہرین نے کہا کہ دنیا بھر میں خاص طور پر خواتین اور کراس جینڈرز کو صنفی بنیاد پر بدترین تشدد کا سامنا کرتا ہے جس میں جنسی، جسمانی، ذہنی اور نفسیاتی طور پر متاثر ہونے والوں کی بہت بڑی تعداد شامل ہے جبکہ صنفی بنیاد پر معاشی تشدد کی شرح میں بھی بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔
ماہرین نے بتایا کہ ترقی پزیر ممالک میں صنفی بنیاد پر بنیادی حقوق چھین لیا جانا عام ہو چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صنفی امتیاز اور تشدد کے خاتمہ کیلئے شعور اجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس ضمن میں میڈیا کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے جبکہ صنفی تشدد کی حوصلہ شکنی و ذمہ داران کو سخت سزا دلوانے کیلئے قانونی فریم ورک وقت کا اہم تقاضہ ہے۔
خصوصی نشست کے اختتام پر نمرہ ضیاء نے مہمانانِ گرامی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایاکہ یہ نشست25نومبر سے لے کر10دسمبر تک ”ڈیز آف ایکٹیوزم“ کے تحت منعقد کی گئی ہے جس کا مقصد زیادہ سے زیادہ لوگوں تک صنفی تشدد کی روک تھام کے حوالے سے معلومات کی فراہمی کو یقینی بنانا اور شعور اجاگر کرناہے۔