سرگودہا۔13دسمبر (اے پی پی):یونیورسٹی آف سرگودھا میں ڈیپارٹمنٹ آف کمیونیکیشن اینڈ میڈیا سٹڈیز اور نیشنل کمیشن آف ہیومن رائٹس کے باہمی اشتراک سے معاشرے کی تعمیر و ترقی میں نوجوانوں کے کردار کے موضوع پر ایک روزہ سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر غلام عباس گوندل نے کہا کہ ملک کی ترقی میں نوجوانوں کا کردار ناگزیر ہے کیونکہ نوجوان ملک کا سب سے قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ترقی ان اقوام کا مقدر بنتی ہے جن کے نوجوانوں میں آگے بڑھنے کی لگن اور تڑپ ہوتی ہے۔
اگر نسل نو قومی مفادات کو ذاتی مفادات پر ترجیح دیتے ہوئے تعمیر ملت کی راہ میں آنے والی ہر رکاوٹ کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن جائیں تو ترقی کی راہ میں حائل تمام رکاوٹیں دور ہو سکتی ہیں۔ محمد پرویز لودھی نے کہا کہ آج پاکستان کے نوجوان اپنے مستقبل کے حوالے سے خاصے پریشان اور مایوس نظر آتے ہیں۔ کیونکہ مملکتِ خداداد میں نوجوانوں کو آگے بڑھنے اور ترقی کی منازل طے کرنے کے لیے سہولتوں سے زیادہ مسائل اور دشواریوں کا سامنا ہے۔ نوجوانوں کے مسائل حل کیے بغیر ملکی ترقی اور بہتر معاشرہ کی تشکیل ممکن نہیں۔پروفیسر ڈاکٹر حسن رضا شیرازی نے کہا کہ جب قوم کے نوجوان بلند حوصلہ اور قوم کی خدمت کے لیے کچھ کر گزرنے کا جنون رکھتے ہوں تو وہ قوم ترقی کی منازل طے کرکے اعلیٰ اقدار کے منصب پر فائزہوتی ہے۔
اگر قوم کے نوجوانوں میں مایوسی پائی جاتی ہو تو اس قوم کا مستقبل تاریک ہوجاتا ہے۔ معاشرتی ترقی کیلئے نوجوانوں کو درست سمت پر گامزن کرنا ہو گا۔ مہر عمر دراز جھاوری نے کہا کہ باشعور قوم بننے کے لیے ہمیں اپنے نوجوانوں کی درست سمت میں رہنمائی کرنا ہوگی اور اس کے لیے حکومتی اداروں، والدین، اساتذہ اور سول سوسائٹی کے اداروں کے ساتھ ساتھ تمام مکاتبِ فکر کو اپنی ذمے داری ادا کرنی ہوگی تاکہ ہمارا آج کا نوجوان باعمل اور باشعور شہری بن کر اپنی خدمات بھرپور انداز میں پیش کرسکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر نوجوان نسل تعلیم یافتہ، ہنر مند اور باصلاحیت نہ ہو، تو یہ ایک معاشی بوجھ سے زیادہ کچھ نہیں ہیں۔۔سیمینار میں سماجی، اقتصادی، اور ماحولیاتی لحاظ سے بہترمعاشرے کی تشکیل کے لئے نوجوانوں کی فعال شمولیت اور اہمیت پر روشنی ڈالی گئی۔ سیمینار میں ڈین فیکلٹی آف آرٹس اینڈ ہیومینٹیزپروفیسر ڈاکٹر غلام عباس گوندل، چیئرپرسن ڈیپارٹمنٹ آف کمیونیکیشن اینڈ میڈیا سٹڈیز پروفیسر ڈاکٹر حسن رضا شیرازی، ڈائریکٹر آپریشنز نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ ساجد علی، بانی ٹرسٹی لودھی فاؤنڈیشن محمد پرویز لودھی، ڈپٹی ڈائریکٹر نیشنل کمیشن برائے انسانی ترقی، سرگودھا مہر عمر دراز جھاوری، وومن چیمبر آف کامرس سرگودھا سعدیہ خان اور دیگر فیکلٹی ممبران سمیت طلبا و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔