سرگودھا ۔ 04 جولائی (اے پی پی):یونیورسٹی آف سرگودھا میں شعبہ کمیونیکیشن اینڈ میڈیا سٹڈیز کے زیرِ اہتمام ’’چین کے ساتھ ایکسچینج پروگرام اور تحقیقی اشتراک‘‘کے عنوان سے ایک خصوصی سیشن کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد تعلیمی مواقع کا جائزہ لینا اور چینی جامعات کے ساتھ ادارہ جاتی تعلقات کو فروغ دینا تھا۔یہ سیشن پاکستان انسٹیٹیوٹ آف چائنا سٹڈیز کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر طاہر ممتاز اعوان کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں فیکلٹی ارکان، محققین اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔افتتاحی کلمات میں شعبہ کمیونیکیشن اینڈ میڈیا سٹڈیز کے چیئرپرسن ڈاکٹر مدثر حسین شاہ نے کہا کہ یونیورسٹی آف سرگودھا، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس کی وژنری قیادت میں چین کی ممتاز جامعات کے ساتھ 28 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کر چکی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ یونیورسٹی اب سی پیک کنسورشیم آف یونیورسٹیز کی باقاعدہ رکن ہے، جو اس بات کی علامت ہے کہ تعلیمی شعبوں کوعالمی مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے متحرک کردار ادا کرنا ہوگا۔سیشن کے دوران پروفیسر ڈاکٹر طاہر ممتاز اعوان نے پاکستان اور چین کے درمیان تعلیمی وتحقیقی اشتراک کے اہم پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے زور دیا کہ چین کے اعلیٰ تعلیمی اداروں کے ساتھ شراکت داری تحقیق کے معیار کو بلند کرنے، مشترکہ علمی اقدامات کو فروغ دینے اور طلبہ واساتذہ کو بین الاقوامی سطح پر آگاہی فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔انہوں نے یونیورسٹی کے تمام شعبہ جات پر زور دیا کہ وہ چین کے تعلیمی اداروں کے ساتھ باقاعدہ اشتراک کی جانب قدم بڑھائیں،خاص طور پر انہوں نے یو او ایس ٹی وی اور ریڈیو کو تجویز دی کہ وہ چینی میڈیا اداروں کے ساتھ شراکت داری قائم کریں تاکہ مواد
علم اور میڈیا مہارت کے تبادلے کو فروغ دیا جا سکے۔سیشن کا اختتام اس اتفاقِ رائے کے ساتھ ہوا کہ اس نوعیت کی سرگرمیاں پاکستان اور چین کے درمیان تعلیمی تعاون کو مزید گہرا کرتی ہیں اور جدت، ثقافتی تبادلے اور علمی برتری کے نئے راستے کھولتی ہیں۔