
سرگودھا ۔23دسمبر (اے پی پی):یونیورسٹی آف سرگودھا کا دسواں کانووکیشن اختتام پزیر ہو گیا۔ اختتامی روز کانووکیشن کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کی جبکہ ان کے ہمراہ پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر میاں غلام یاسین،رجسٹرار وقار احمد، ڈین فیکلٹی آف ایگریکلچر پروفیسر ڈاکٹر اطہر ندیم اور کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد بشیر بھی موجود تھے۔
کانووکیشن کا باقاعدہ آغاز اکڈیمک پروسیشن کی آمد سے ہوا، تیسرے روزفیکلٹی آف ایگریکلچر، فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی، فیکلٹی آف ہیلتھ سائنسز، فیکلٹی آف فارمیسی اور فیکلٹی آف سائنسز کے برانز میڈلسٹ بچوں کو میڈلز اورڈگریاں دی گئیں۔
دسویں کانووکیشن میں 29ہزار سے زائد طلبہ کو ڈگریاں تفویض کی گئیں اور277پوزیشن ہولڈ ر طلبہ کو میڈلز سے نوازا گیا۔ کانووکیشن کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کہا کہ آج کا دن گریجویٹ طلبہ، ان کے اساتذہ اور والدین کیلئے یادگار ہے کیونکہ طلبہ تعلیم کے میدان میں کامیابیاں سمیٹنے کے بعد عملی زندگی کی جانب بڑھ رہے ہیں۔
وائس چانسلر نے بتایا کہ اب تک یونیورسٹی آف سرگودھا سے ساڑھے چار لاکھ سے زائدطلبہ فارغ التحصیل ہو کر زندگی کے مختلف شعبہ جات میں ذمہ داریاں سر انجام دے رہے ہیں، یہ امر یونیونیورسٹی آف سرگودھا کے لیے فخر کا باعث ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کہا کہ بطور وائس چانسلر طلبہ کو معیاری تعلیم کی فراہمی، فیکلٹی و سٹاف کی فلاح و بہبود کیلئے مختلف منصوبے زیر تکمیل ہیں جن میں سے ایک منصوبہ سولر پراجیکٹ کا ہے جوتقریباً مئی2024میں مکمل ہو گا۔
اس منصوبہ کی بدولت یونیورسٹی آف سرگودھا کو بجلی کے بلوں کی مد میں خطیر رقم ادا نہیں کرنا پڑے گی۔معیاری تحقیق کے لیے انٹر ڈسپلنری ریسرچ سنٹر کے قیام، اوپن اینڈ ڈسٹنس لرننگ پروگرامز کے آغاز اور ٹیکنالوجی پارک قائم کرنے کیلئے لائحہ عمل مرتب کر لیا گیا ہے، ان منصوبوں کی تکمیل سے یونیورسٹی آف سرگودھا کا گراف مزید بلند ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ فیکلٹی اور ملازمین کیلئے ہاؤسنگ سوسائٹی کے قیام کا منصوبہ بھی جلد ہی شروع کر دیا جائے گا۔ وائس چانسلر نے بتایا کہ یونیورسٹی آف سرگودھا کے عالمی تشخص کو مزید اجاگر کرنے کیلئے ڈائریکٹوریٹ آف ایکسٹرنل لنکجز قائم کیا گیا جس کی بدولت نائیجیریا اور ایران کے دو طلبہ یہاں تعلیم حاصل کر رہے ہیں جبکہ مزید7فلسطینی طلبہ یہاں تعلیم حاصل کرنے کیلئے آئیں گے۔ ساؤتھ افریقہ سے مزید50غیر ملکی طلبہ کو یہاں لانے کیلئے کوششیں جاری ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی آف سرگودھا نے ہمیشہ کمیونٹی سروس کو ترجیح دی ہے اور زمینی حقائق و مسائل کو دیکھتے ہوئے تحقیق کو فروغ دیا ہے جس کی واضح مثال فیکلٹی آف ایگریکلچر ہے جو آؤٹ ریچ پروگرام کے ذریعے کسانوں کو جدید طریقہ کاشت کی جانب راغب کرنے کے علاوہ زرعی پیداوار میں اضافہ و بیماریوں کے تدارک کیلئے جدید بنیادوں پر تحقیق کو فروغ دے رہی ہے۔
اختتامی کلمات میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کانووکیشن کے بہترین انعقاد پر کانووکیشن کمیٹیوں، فیکلٹی و سٹاف ممبران اور انتظامی عہدے داران کو مبارک باد پیش کی۔