سرگودھا۔ 21 فروری (اے پی پی):یونیورسٹی آف سرگودھا اور معروف ملکی کمپنی 6 ایس کیٹرنگ اینڈ جنرل آرڈر سپلائرز کے درمیان خوش آب منرل واٹر کو کمرشل و تجارتی بنیادیوں پر مارکیٹ میں متعارف کرانے کے لئے باقاعدہ معاہدہ طے پاگیا۔ اس سلسلے میں یونیورسٹی آف سرگودھا اور ملکی کمپنی 6 ایس کیٹرنگ اینڈ جنرل آرڈر سپلائرز کے درمیان معاہدے کی تقریب ملٹی پرپز ہال کے کمیٹی روم میں منعقد ہوئی جس میں وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس، پرو وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر میاں غلام یٰسین، ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ حسن ظہیر، ڈائریکٹرانسٹی ٹیوٹ آف کیمسٹری پروفیسر ڈاکٹر شیر محمد، کنٹرولر امتحانات، یونیورسٹی ڈینز، ڈائریکٹرز اورسینئر اساتذہ بھی موجود تھے۔ یونیورسٹی آف سرگودھا کی طرف سے رجسٹرار یونیورسٹی وقار احمد جبکہ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں محمد ساجد نے معاہدے پر دستخط کئے۔ معاہدے کے مطابق یونیورسٹی آف سرگودھا کمپنی کو یونیورسٹی کیمپس میں پلانٹ، اس کی مکمل مشینری، انفراسٹرکچر اور سہولیات فراہم کرے گی نیز یونیورسٹی کمپنی کو ورکنگ کے حوالے سے معاونت بھی فراہم کرے گی۔ معاہدے کے مطابق 6 ایس کیٹرنگ اینڈ جنرل آرڈر سپلائرز اس سلسلے میں تمام انتظامی اور مارکیٹنگ کے اخراجات برداشت کرے گی۔اس پراجیکٹ سے حاصل ہونے والی رقم کو یونیورسٹی کے انڈوومنٹ فنڈز میں جمع کرایا جائے گا اور یونیورسٹی کو حاصل ہونے والی آمدن کو یونیورسٹی کے تعلیمی، تحقیقی کاموں اور یونیورسٹی کے ملازمین و طالب علموں کے ویلفیئر کے کاموں پر استعمال کیا جائے گا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کہا کہ آج ہمارے لئے یہ ایک تاریخی دن ہے، پاکستان کی پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں میں یہ پہلا پراجیکٹ ہے جو یونیورسٹی آف سرگودھا نے شروع کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پراجیکٹ کو شروع کرنے کے لئے ہم نے تمام قانونی تقاضوں کو اپنایا اور پرو وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر میاں غلام یٰسین کی سربراہی میں ایک کمیٹی بنائی جس نے اس پراجیکٹ کو کمرشل کرنے اور معاہدے کو تکمیل تک پہنچانے کے لئے اپنی سفارشات مرتب کیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ پراجیکٹ یونیورسٹی سنڈیکیٹ اور فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی کی طرف سے باقاعدہ منظورشدہ ہے۔ اس موقع پر پرو وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر میاں غلام یٰسین نے کہا کہ یونیورسٹی آف سرگودھا ہمیشہ اپنے پروجیکٹس کو عملی شکل دیتی ہے اور ادارے نے ہمیشہ وہی کام شروع کئے ہیں جس کا فائدہ نہ صرف ادارے کو بلکہ عوام الناس کو بھی ہواور آج کا یہ معاہدہ اس سلسلے کی اہم کڑی ہے۔ اس موقع پر 6 ایس کیٹرنگ اینڈ جنرل آرڈر سپلائرزکمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں محمد ساجد نے کہا کہ یونیورسٹی آف سرگودھا کا منرل واٹر خوشاب ایک غیر معمولی اہمیت کی حامل پراڈکٹ ہے جس کی وجہ سے ہم نے آج ادارہ ہذا کے ساتھ اس کا معاہدہ کیا ہے اور یہ یونیورسٹی کے باقی پروجیکٹس کی طرح کامیاب ہوگا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=564499