یونیورسٹی آف سرگودھا کے زیرِ اہتمام انڈرگریجویٹ، پوسٹ گریجویٹ اور پی ایچ ڈی پروگرامزمیں داخلوں کا آغاز

12
یونیورسٹی آف سرگودھا اور آذربائیجان کا مختلف تعلیمی شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے معاہدہ

سرگودھا۔ 18 جون (اے پی پی):یونیورسٹی آف سرگودھا نے فال 2025ء سیشن کے لیے انڈرگریجویٹ، پوسٹ گریجویٹ اور پی ایچ ڈی پروگرامز میں داخلوں کا آغاز کر دیا ہے۔

داخلے سات مختلف فیکلٹیز کے 41 شعبہ جات میں دیے جا رہے ہیں جن میں فیکلٹی آف سائنسز، سوشل سائنسز، آرٹس اینڈ ہیومینٹیز، ایگریکلچر، کمپیوٹنگ اینڈ آئی ٹی، انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی، اور میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز شامل ہیں۔تمام امیدواریونیورسٹی کے آن لائن داخلہ پورٹل کے ذریعے درخواست جمع کروا سکتے ہیں۔

درخواستیں جمع کروانے کی آخری تاریخ 11 جولائی 2025 مقرر کی گئی ہے۔درخواستوں میں اصلاح کے لیے ماسٹر لسٹ 21 تا 22 جولائی کو جاری کی جائے گی جبکہ طلبہ 22 جولائی شام 4 بجے تک آن لائن یا فیسلیٹیشن سنٹر کے ذریعے اپنی درخواستوں میں تصحیح کروا سکتے ہیں۔ایم فل، ایم ایس سی (آنرز)، ایم بی اے، اے ڈی سی پی، ایچ اے ٹی جنرل اور ای سی اے ٹی پروگرامز کے داخلہ ٹیسٹ و انٹرویوز 14 جولائی کو ہوں گے جبکہ پی ایچ ڈی پروگرامز کے انٹرویوز 21 جولائی کو منعقد ہوں گے۔

یونیورسٹی نے مختلف داخلہ ٹیسٹ اور ٹرائلز کی تاریخیں بھی جاری کر دی ہیں۔ خصوصی طلبہ کا میڈیکل ایگزامنیشن، اسپورٹس سائنس کے لیے جسمانی قابلیت کا ٹیسٹ اور ہم نصابی سرگرمیوں سے متعلقہ ٹیسٹ 14 جولائی کو منعقد ہوں گے۔سپورٹس ٹرائلز مرد طلبہ کے لیے 16 اور 17 جولائی کو جبکہ خواتین کے لیے 18 جولائی کو ہوں گے۔ حافظِ قرآن کے ٹیسٹ 14 اور 15 جولائی کو لیے جائیں گے۔ریگولر پروگرامز کی میرٹ لسٹیں بالترتیب 23، 28 اور 30 جولائی کو مرحلہ وار جاری ہوں گی جبکہ سیلف سپورٹ پروگرامز کی میرٹ لسٹیں 1، 5 اور 7 اگست کو آویزاں کی جائیں گی۔
مخصوص نشستوں کے لیے میرٹ لسٹ یکم اگست کو جاری کی جائے گی۔ تمام ڈگری پروگرامز کی کلاسز کا باقاعدہ آغاز یکم ستمبر 2025 سے ہوگا۔وہ امیدوار جو پہلا سال (ایف اے/ایف ایس سی یا اے لیولز) مکمل کر چکے ہیں اور دوسرے سال کے نتائج کے منتظر ہیں، وہ بھی انڈرگریجویٹ پروگرامز میں مشروط داخلے کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔داخلے سے متعلق مزید معلومات یا رہنمائی کے لیے طلبہ یونیورسٹی فیسلیٹیشن سینٹر سے رجوع کر سکتے ہیں یا یو اے این نمبر 048 111 867 111 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔ اسی طرح ای میل کے ذریعے معلومات کے لیے [email protected] پر بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔