سرگودھا ۔ 20 جنوری (اے پی پی):یونیورسٹی آف سرگودھا میں وزیر آغا لائبریری کے زیرِ اہتمام ”ماہرین تعلیم کو مستعد کرنے والی جدید مہارتوں ” کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا ۔ پیر کو منعقدہ سیمینار کا مقصد فیکلٹی ممبران کو تعلیمی میدان میں جنریٹو اے آئی ٹولز کے مؤثر استعمال کی تربیت فراہم کرنا تھا۔ سیمینار میں یونیورسٹی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے 40 سے زائد فیکلٹی ممبران نے شرکت کی۔
سیمینار کے ریسورس پرسن ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈیپارٹمنٹ آف انفارمیشن مینجمنٹ ڈاکٹر محمد آصف نوید اور اسسٹنٹ پروفیسر انسٹی ٹیوٹ آف فوڈ سائنس اینڈ نیوٹریشن ڈاکٹر کاشف امیر نے متفرق موضوعات جیسا کہ نصاب کی تشکیل، کورس ڈیزائن، اسباق کی منصوبہ بندی، ایم سی کیوز کی تیاری، سائنسی تحریر اور تعلیمی نتائج کا جائزہ لینے کے حوالے سے اے آئی ٹولز کے استعمال پر مفصل گفتگو کی۔ڈاکٹر محمد آصف نوید نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس سیمینار کا بہت مثبت ردعمل دیکھنے کو ملا۔ خاص طور پر وہ فیکلٹی ممبران جو اپنے ڈیپارٹمنٹس سے باقاعدہ طور پر منتخب نہیں ہوئے تھے انہوں نے خود کو اس تربیتی سیشن میں شامل کرنے کے لیے درخواست دی جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ ہمارے اس تعلیمی عمل میں اے آئی کے استعمال کے حوالے سے بہت زیادہ دلچسپی اور اہمیت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے پنجاب کے دیگر تعلیمی اداروں سے بھی سیمینار کے آن لائن انعقاد کی درخواستیں وصول کی ہیں اس لیے ہم آئندہ اس سیمینار کو نہ صرف فزیکل بلکہ آن لائن بھی منعقد کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں تاکہ اس سے زیادہ سے زیادہ فیکلٹی ممبران فائدہ اٹھا سکیں۔ڈاکٹر کاشف امیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ سیمینار اس بات کا غماز ہے کہ ٹیکنالوجی کا استعمال تعلیمی میدان میں کس قدر ضروری ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ اس پروگرام میں شرکاء نے نہ صرف سیکھا بلکہ اس علم کو اپنے تدریسی عمل میں بروئے کار لانے کا عہد بھی کیا ہے۔سیمینار میں فیکلٹی ممبران کو جنریٹو اے آئی ٹولز کے استعمال کے ذریعے نصاب میں انقلابی تبدیلیاں لانے کے امکانات پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ اس موقع پر شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ جدید ٹیکنالوجی تدریس کے معیار کو بہتر بنانے، سیکھنے کے عمل کو مزید دلچسپ بنانے اور علمی تحقیق میں نئی جہتیں متعارف کرانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=548767