29.9 C
Islamabad
ہفتہ, اپریل 19, 2025
ہومعلاقائی خبریںیونیورسٹی آف سرگودھا کے زیر اہتمام تقسیم ہند کے مطالعات میں حالیہ...

یونیورسٹی آف سرگودھا کے زیر اہتمام تقسیم ہند کے مطالعات میں حالیہ رجحانات کے موضوع پر سیمینار

- Advertisement -

سرگودھا۔ 17 اپریل (اے پی پی):یونیورسٹی آف سرگودھا کے شعبہ تاریخ و مطالعہ پاکستان کے زیر اہتمام تقسیم ہند کے مطالعات میں حالیہ رجحانات کے موضوع پر ایک روزہ سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں ممتاز محقق وایسوسی ایٹ پروفیسر لمز ڈاکٹر الیاس احمد چٹھہ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ سیمینار میں عصری تحقیق، تاریخی بیانیے اور تقسیم ہند کے انسانی پہلوؤں پر گفتگو کی گئی۔ سیمینار کے دوران دستاویزی فلم ”بوہے کھلے رکھیں ” کی خصوصی نمائش بھی کی گئی، جس میں تقسیم کے دوران عام لوگوں پر بیتنے والے دکھ اور جدائی کی تکالیف کو نہایت حساس انداز میں پیش کیا گیا۔ فلم میں محبت، قربانی، جدائی اور امید جیسے جذبات کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا گیا، جس نے شرکاء کو جذباتی کر دیا۔ ڈاکٹر الیاس احمد چٹھہ نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تقسیم ہند کا عمل محض جغرافیائی تبدیلی نہیں بلکہ ایک گہرا انسانی المیہ تھا جس نے لاکھوں افراد کی زندگیوں پر گہرے نقوش چھوڑے۔

انہوں نے کہا کہ تاریخ کو صرف اعداد و شمار کی روشنی میں نہیں بلکہ متاثرہ افراد کی کہانیوں کے تناظر میں دیکھنا ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ تحقیقی رجحانات ماضی کو نئی نظر سے دیکھنے کی دعوت دیتے ہیں۔انہوں نے دستاویزی فلم ”بوہے کھلے رکھیں ” کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ فلم ان گمنام انسانوں کی کہانی ہے جو تقسیم کے دوران اپنی زمین، رشتے اور شناخت کھو بیٹھے۔چیئرمین شعبہ تاریخ و مطالعہ پاکستان ڈاکٹر محمد ابرار ظہور نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے طلبہ و طالبات کو تاریخ کے مطالعے میں تحقیقی نقطہ نظر اپنانے کی ترغیب دی۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ صرف ماضی کے واقعات کا بیان نہیں، بلکہ ایک زندہ علم ہے جسے مسلسل تحقیق، تنقید اور تجزیے کی ضرورت ہوتی ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تاریخ کو درست تناظر میں سمجھنے کے لیے غیر جانب دارانہ مطالعہ اور معروضی تحقیق انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ تاریخ کو محض نصاب تک محدود نہ رکھیں بلکہ اسے انسانی تجربات، جذبات اور معاشرتی تبدیلیوں کے تناظر میں سمجھنے کی کوشش کریں۔ اس طرح کے سیمینارز نوجوان نسل کو تاریخ کے نئے زاویے دریافت کرنے کا موقع فراہم کرتے ہیں، جو ایک صحت مند علمی روایت کے فروغ کا باعث بنتے ہیں۔ سیمینار کے اختتام پر سوال و جواب کی نشست کا انعقاد کیا گیا جس میں طلبہ و طالبات نے بھرپور حصہ لیا اور مہمان مقرر سے اہم نکات پر تبادلہ خیال کیا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=583512

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں