26.9 C
Islamabad
پیر, ستمبر 1, 2025
ہومعلاقائی خبریںیونیورسٹی آف سرگودھا کے زیر اہتمام تیسری فیوچرآف ایجوکیشن کانفرنس کا انعقاد

یونیورسٹی آف سرگودھا کے زیر اہتمام تیسری فیوچرآف ایجوکیشن کانفرنس کا انعقاد

- Advertisement -

سرگودھا ۔ 25 اگست (اے پی پی):یونیورسٹی آف سرگودھا کے زیر اہتمام تیسری فیوچرآف ایجوکیشن کانفرنس 2025کا انعقاد کیا گیا،جس کا مقصد ادارے کے سٹریٹجک پلان کا جائزہ لینا اور اعلیٰ تعلیم کے بدلتے رجحانات پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔کانفرنس کی صدارت وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کی جبکہ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رؤف اعظم مہمانِ خصوصی تھے۔پروفیسر ڈاکٹر رؤف اعظم نے اپنے خطاب میں وائس چانسلر کی وژنری قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ سرگودھایونیورسٹی نے قلیل عرصے میں شاندارکامیابیاں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کے اعلیٰ تعلیمی نظام کو مضبوط بنانے کیلئے جدت، فکری تنوع اور اساتذہ کی خود احتسابی ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ غیر ضروری یکسانیت پر زور دینے سے جامعات میں اختراع اور تخلیقی سوچ متاثر ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ تعلیم تیزی سے بدل رہی ہے اور وقت کی ضرورت ہے کہ ہم اس عالمی تبدیلی کا حصہ بنیں۔

اپنے افتتاحی خطاب میں پروفیسرڈاکٹر قیصر عباس نے گزشتہ دو برسوں میں یونیورسٹی کی کارکردگی کا تفصیلی ذکر کیا، جس میں تعلیمی معیار، تحقیق، جدت، بین الاقوامی روابط اور کمیونٹی سروس پر خصوصی توجہ دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مشن ایک ایسے تدریسی ماحول کو فروغ دینا ہے جو تنقیدی سوچ، اختراعی صلاحیتوں اور قیادت کی مہارتوں پر مبنی ہو تاکہ طلبہ بدلتی دنیا میں بہترین کارکردگی دکھا سکیں۔انہوں نے بتایا کہ کوالٹی انہانسمنٹ سیل نے دو سالوں میں 63 فیصد نمایاں بہتری دکھائی جبکہ تحقیقی میدان میں 119 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس پر یونیورسٹی کو ایچ ای سی کی جانب سے ایکس-کیٹیگری ریسرچ یونیورسٹی کا درجہ دیا گیا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اگلا ہدف ڈبلیو-کیٹیگری حاصل کرنا ہے۔وائس چانسلر نے بتایا کہ یونیورسٹی میں ’’ون ہیلتھ‘‘ انٹر ڈسپلنری ریسرچ سینٹر، ژی جیانگ اے اینڈ ایف یونیورسٹی چین کے ساتھ مشترکہ لیبارٹری، کمرشل ٹیسٹنگ لیب قائم کی جا رہی ہے

- Advertisement -

مزید برآں یونیورسٹی میں کئی بڑے منصوبے مکمل کیے گئے ہیں جن میں 2.7 میگاواٹ سولرائزیشن، ڈیٹا سینٹر، جدید مرکزی لائبریری اور یو او ایس ویب ٹی وی کا آغاز شامل ہے، جسے جلد سیٹلائٹ چینل میں تبدیل کیا جائے گا۔ پروفیسرڈاکٹر قیصر عباس نے بتایا کہ ایک اہم پیش رفت کے طور پر یونیورسٹی نے چین کے تعاون سے کیمپس میں جدید ہسپتال اور بورڈنگ سکول کے قیام کا منصوبہ شروع کیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ چین میں یونیورسٹی کا پہلا انٹرنیشنل کیمپس قائم کیا گیا اور ژاؤژوانگ سکول آف ٹیکنالوجی کے تعاون سے لیتھیم بیٹری ریسرچ سینٹر بھی بنایا گیا ہے۔ کانفرنس میں مختلف فیکلٹیز اور شعبہ جات کے ڈینز اور ڈائریکٹرز نے کلیدی خطابات پیش کیے جن میں پرو وائس چانسلر و ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر مسعود سرور اعوان، ڈین فیکلٹی آف سائنسز پروفیسر ڈاکٹر عامر علی، ڈین فیکلٹی آف فارمیسی پروفیسر ڈاکٹر عثمان منہاس، ڈین فیکلٹی آف کمپیوٹنگ اینڈ آئی ٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد الیاس

پرنسپل کالج آف ایگریکلچر پروفیسر ڈاکٹر اعجاز رسول نورکہ، ڈائریکٹر کیو ای سی ڈاکٹر عمران غفور چوہدری، ڈائریکٹر اکیڈمکس ڈاکٹر عظمیٰ شہزادی، ڈائریکٹر اورک پروفیسر ڈاکٹر احمد رضا بلال، ڈائریکٹر ایکسٹرنل لنکیجز پروفیسر ڈاکٹر اعجاز اصغر بھٹی اور ڈائریکٹر پکِس پروفیسر ڈاکٹر طاہر ممتاز اعوان شامل تھے۔انہوں نے اپنے اپنے شعبوں کی حالیہ کامیابیوں، جاری منصوبوں اور آئندہ کے اہداف پر روشنی ڈالی۔ تمام تقاریر میں اس بات پر زور دیا گیا کہ یونیورسٹی کا ہر شعبہ اپنی پالیسیوں اور منصوبوں کو ادارے کے سٹریٹجک وژن کے ساتھ ہم آہنگ کرے تاکہ تعلیمی معیار، تدریسی جدت اور عالمی مسابقت کو یقینی بنایا جا سکے۔

 

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں