28.2 C
Islamabad
جمعہ, اپریل 4, 2025
ہومعلاقائی خبریںیونیورسٹی آف سرگودھا کے زیر اہتمام ”فرنٹیئرز اِن کیمیکل سائنسز“ پر پہلی...

یونیورسٹی آف سرگودھا کے زیر اہتمام ”فرنٹیئرز اِن کیمیکل سائنسز“ پر پہلی دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد

- Advertisement -

سرگودھا۔ 30 اکتوبر (اے پی پی):یونیورسٹی آف سرگودھا میں انسٹیٹیوٹ آف کیمسٹری کے زیر اہتمام ”فرنٹیئرز اِن کیمیکل سائنسز“ پر پہلی دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا آغاز ہو گیا ۔کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں وائس چانسلر یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور پروفیسر ڈاکٹر عاکف انور چوہدری نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جب کہ اس موقع پر وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس، پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر میاں غلام یاسین، فارمن کرسچین کالج یونیورسٹی سے پروفیسر ڈاکٹر محمد سعید اقبال، آسٹریلیا سے پروفیسر ڈاکٹر رضوان الرحمان ساگر،آسٹریا سے پروفیسر ڈاکٹر تھامس مائیک، ڈین فیکلٹی آف سائنسز پروفیسر ڈاکٹر عامر علی، ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف کیمسٹری پروفیسر ڈاکٹر محمد شیر، دیگر فیکلٹی ممبران اور طلبہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کہا کہ یہ کانفرنس نہ صرف طلبہ بلکہ اساتذہ اور محققین کے لیے بھی سیکھنے کا بہترین موقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی آف سرگودھا نے ہمیشہ تعلیمی اور تحقیقی ترقی کی راہیں ہموار کی ہیں۔ وائس چانسلر نے مزید کہا کہ کیمیکل سائنسز کا میدان ہمارے معاشرے کی ترقی میں بنیادی کردار ادا کر سکتا ہے بشرطیکہ ہم تحقیق اور ٹیکنالوجی کو پائیدار ترقی کے ساتھ جوڑنے کی کوشش کریں۔ پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں جدید دور کے چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے تعلیم اور تحقیق کے شعبے میں انقلابی تبدیلیاں لانی ہوں گی۔ اس کانفرنس کے ذریعے بین الاقوامی ماہرین کے ساتھ تبادلہ خیال سے طلبہ اور اساتذہ کو نئے علوم سیکھنے کو ملتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کیمیکل سائنسز میں ہونے والی نئی پیشرفتیں ہمارے روزمرہ کے مسائل کا حل فراہم کر سکتی ہیں اور اس کے ذریعے ہم پانی، توانائی، اور دیگر قدرتی وسائل کے استعمال کو زیادہ موثر بنا سکتے ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر عاکف انور چوہدری نے کہا کہ کیمیکل سائنسز کا شعبہ دورِ حاضر میں بہت زیادہ اہمیت اختیار کر چکا ہے اور اس میں ہونے والی تحقیق انسانی زندگی کے ہر پہلو پر اثر انداز ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیمیکل سائنسز میں جدت لانا اور اس کے ذریعے سے پائیدار ترقی کے اہداف کو حاصل کرنا ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے۔انہوں نے زور دیا کہ دنیا کو موسمیاتی تبدیلی، وسائل کی کمیابی اور ماحولیاتی آلودگی جیسے چیلنجز کا سامنا ہے جن کا حل سائنس کے میدان میں کی جانے والی جدت اور تحقیق میں مضمر ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے مزید کہا کہ کیمیکل سائنسز کے شعبے میں ہونے والی ہر نئی تحقیق ہماری زندگیوں کو بہتر بنانے کا باعث بنتی ہے۔ اس لیے ہمیں چاہیے کہ ہم اپنے تعلیمی اداروں میں اس شعبے میں تحقیق و جستجو کو مزید فروغ دیں اور اسے بین الاقوامی معیار کے مطابق بنائیں۔پروفیسر ڈاکٹر محمد سعید اقبال نے کہا کہ پائیدار ترقی کے اہداف کا حصول تب ہی ممکن ہے جب ہم سائنسی تحقیقات کو عملی جامہ پہنائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بین الاقوامی کانفرنسز طلبہ کو سائنسی افق کو مزید وسیع کرنے کا موقع فراہم کرتی ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر میاں غلام یاسین نے کانفرنس کے شرکاء کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ کیمیکل سائنسز کے میدان میں عالمی ماہرین کی شراکت ہماری یونیورسٹی کے لیے باعثِ فخر ہے اور اس سے طلبہ کو عالمی سطح کی تحقیق کو سمجھنے اور اس میں حصہ لینے کا موقع ملے گا۔پروفیسر ڈاکٹر عامر علی نے کیمیکل سائنسز کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگرامز نوجوان محققین کو تجربات اور جدید رجحانات سے آگاہی دینے کا بہترین ذریعہ ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد شیر نے کہا کہ یہ کانفرنس مستقبل میں کیمیکل سائنسز کے میدان میں تحقیق کو ایک نیا راستہ فراہم کرے گی اور اس سے طلبہ کو سیکھنے اور آگے بڑھنے کے نئے مواقع ملیں گے۔کانفرنس کے پہلے روز بڑی تعداد میں طلبہ، اساتذہ، قومی اور بین الاقوامی محققین نے شرکت کی اور کیمیکل سائنسز سے متعلق مختلف تحقیقی موضوعات پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=518960

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں