سرگودھا ۔ 17 جنوری (اے پی پی):یونیورسٹی آف سرگودھا کے زیر اہتمام گڈ گورنس میں تعلیمی اداروں کے کردار پر سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ چیئرپرسن چیف منسٹر کمپلینٹ سیل انسپیکشن ٹیم بریگیڈیئر (ر)بابر علاؤالدین(ستارہ امتیاز ملٹری) بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے جب کہ اس موقع پر وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس، پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر میاں غلام یاسین، فیکلٹی و سٹاف ممبران اور طلبا و طالبات بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔
سیمینار کا مقصد طلباء میں گڈ گورنس کے اصولوں کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا اور انہیں اس بات کی ترغیب دینا تھا کہ وہ تعلیمی اداروں کی مدد سے معاشرتی ترقی اور حکومتی اصلاحات میں فعال کردار ادا کریں۔بریگیڈیئر (ر)بابر علاؤالدین نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی ادارے نہ صرف علم کے مراکز ہیں بلکہ یہ ہمارے معاشرتی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کا صحیح اور مثبت استعمال معاشرتی فلاح کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ ہمیں چاہیے کہ ہم سوشل میڈیا کو تعلیمی مقاصد کے لیے استعمال کریں اور اس کے ذریعے حکومتی منصوبوں اور اصلاحات سے آگاہی حاصل کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت نے طلباء کے لیے مختلف فلاحی منصوبے شروع کیے ہیں جن سے طلباء کو فائدہ اٹھانا چاہیے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کہا کہ جامعات صرف تعلیمی ادارے نہیں بلکہ یہ معاشرتی تبدیلی اور اچھی حکمرانی کے اصولوں کی ترویج کے مراکز بھی ہیں۔
ہمیں اپنے طلباء کو نہ صرف تعلیمی لحاظ سے مضبوط بنانا ہے بلکہ انہیں ایک ذمہ دار شہری بنانے کی کوشش کرنی ہے جو ملک کی ترقی میں حصہ ڈال سکے۔ پروفیسر ڈاکٹر میاں غلام یاسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمیں اپنے طلباء کو ایک باخبر، ذمہ دار اور باشعور شہری بنانا ہے جو نہ صرف تعلیمی میدان میں بلکہ معاشرتی اور حکومتی اصلاحات میں بھی فعال کردار ادا کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گڈ گورنس کے اصولوں کی ترویج کے لیے تعلیمی ادارے ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کرتے ہیں جہاں طلباء کو ان اصولوں سے آگاہ کیا جا سکتا ہے۔