یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی نوشہرہ میں سائنس ٹیکنالوجی ایکسپو کا انعقاد

93
یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی نوشہرہ میں سائنس ٹیکنالوجی ایکسپو کا انعقاد
یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی نوشہرہ میں سائنس ٹیکنالوجی ایکسپو کا انعقاد

پشاور۔ 09 اکتوبر (اے پی پی):یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی نوشہرہ میں ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے سائنس ٹیکنالوجی ایکسپو 2024 کا انعقاد کیا گیا جس میں سائنس، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ای کامرس اور فنی تعلیم کے شعبوں میں جدید تخلیقی منصوبوں کی نمائش کی گئی۔

ایکسپو کا مقصد طلبا، موجدین اور صنعت کے ماہرین کو ان کے شعبوں میں کامیابیوں کو اجاگر کرنے کے حوالے سے ایک ہی جگہ پر اکھٹا کرنا تھا۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے فنی تعلیم اور صنعت و حرفت عبدالکریم تورڈھیر اور ڈپٹی کمشنر نوشہرہ عرفان اللہ محسود نے ایکسپو کا باضابطہ افتتاح کیا ۔

وائس چانسلر نے افتتاحی تقریب میں خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے مستقبل کے موجدین کی تشکیل میں تکنیکی تعلیم کے کردار پر روشنی ڈالی۔سائنس اور تکنیکی علوم و مہارت کے امتزاج پر مبنی اس اہم ایکسپو میں طلبا نے سائنس، آئی ٹی، اور ای کامرس میں جدید منصوبے پیش کئے اور ماہرین کے ایک پینل نے ان کا جائزہ لیا۔

معاون خصوصی عبدالکریم تورڈھیرنے خطاب کرتے ہوئے طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں کو سراہا اور انکی سائنسی، تخلیقی اور تحقیقی سعی کو نکھارنے اور اجاگر کرنے کیلئے اس نمائش کو اہم قدم قرار دیا۔