ہری پور۔ 22 نومبر (اے پی پی):یونیورسٹی آف ہری پور نے حال ہی میں ایس ایم بی ایف اور ایس ایم ٹیک کے ساتھ باہمی مفاہمت نامہ پر دستخط کئے ہیں۔ اس معاہدہ کا مقصد تعلیمی اور تحقیقی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے جس سے طلباءاور فیکلٹی کو جدید ٹیکنالوجی اور کاروباری مہارتوں تک رسائی حاصل ہو گی۔ یہ شراکت داری تعلیمی معیار کو بلند کرنے اور عملی تجربات فراہم کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔ یہ مفاہمت نامہ یونیورسٹی آف ہری پور، ایس ایم بی ایف اور ایس ایم ٹی کے درمیان ہری پور کے طلبہ کے بہترین مستقبل کی تعمیر کیلئے ایک اہم قدم ہے۔
اس معاہدہ کے تحت طلبہ کو ایس ایم ٹی ویلفیئر ہسپتال میں انٹرنشپ کے مواقع فراہم کئے جائیں گے اور وہ ایس ایم بی ایف کے ساتھ بھی اپنی تعلیمی اور تحقیقی سرگرمیوں کو آگے بڑھا سکیں گے۔ بانی ایس ایم ٹی اور ایس ایم بی ایف، مفتی حسن رضا نے یونیورسٹی آف ہری پور کے رجسٹرار ریاض محمد، اسسٹنٹ رجسٹرار اور مختلف شعبہ جات کے سربراہان کی موجودگی میں ایم او یو پر دستخط کئے۔ رجسٹرار یونیورسٹی آف ہری پور ریاض محمد نے کہا کہ ہمارے طلبہ ہمارا مستقبل ہیں اور انہیں بہتر سہولیات فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے، جب تک طلبہ کو عملی تجربہ نہ دیا جائے ان کی تعلیم ادھوری رہتی ہے، وہ مفتی حسن رضا کے اس اقدام کی تعریف کرتے ہیں کہ انہوں نے ہری پور کے بچوں کیلئے ایس ایم بی ایف اور ایس ایم ٹی جیسے قابل اعتماد اداروں کے ساتھ مل کر روشن مستقبل کے مواقع پیدا کئے ہیں۔
اس موقع پر چیئرمین ایس ایم بی ایف اور ایس ایم ٹی کے بانی مفتی حسن رضا نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ایک بہترین معلم وہی ہوتا ہے جو اپنے طلبہ کے بہتر مستقبل کیلئے سوچتا ہے، معلم کا کردار معاشرے کو مثبت راستے پر لے جانے میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے، یہ ایم او یو ہری پور کے طلبہ کیلئے تعلیمی، تحقیقی اور عملی میدانوں میں ترقی کے بے شمار مواقع پیدا کرے گا۔ یہ معاہدہ طلبہ کیلئے نہ صرف تعلیمی بلکہ عملی میدان میں بھی ترقی کے دروازے کھولے گا اور انہیں ایس ایم بی ایف اور ایس ایم ٹی جیسے اداروں کے ساتھ جڑنے کا موقع دے گا جو ان کے مستقبل کو روشن بنانے میں مددگار ثابت ہو گا۔