یونیورسٹی آف ہری پور کی تین طالبات نے برٹش کونسل سکاٹش سکالر شپ حاصل کر لی

168

ہری پور۔ 22 مارچ (اے پی پی):برٹش کونسل سکاٹش سکالرشپ کی سکالرشپ کمیٹی نے یونیورسٹی آف ہری پور کے ایم فل پروگرام کی تین غیر معمولی طالبات کو اس سکالرشپ کے وصول کنندگان کے طور پر نامزد کیا۔ یونیورسٹی آف ہری پور سے برٹش کونسل سکاٹش سکالرشپ کے کامیاب وصول کنندگان میں سحرش فدا شعبہ تعلیم، صائمہ اشرف شعبہ ریاضی اور لائبہ انور شعبہ مائیکرو بیالوجی شامل ہیں۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹر سٹوڈنٹ فنانشل ایڈ یونیورسٹی آف ہری پور ایبک خان نے بتایا کہ ان باصلاحیت طالبات نے مثالی تعلیمی کارکردگی، لگن اور مطالعہ کے اپنے متعلقہ شعبوں کیلئے مضبوط عزم کا مظاہرہ کیا ہے، ان کی کامیابیاں یونیورسٹی آف ہری پور کی شاندار سکالرز کی پرورش اور مدد کیلئے مسلسل کوششوں کی عکاسی کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم سحرش فدا، صائمہ اشرف، اور لائبہ انور کو اس شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہیں اور ان کی تعلیمی کاوشوں میں مسلسل کامیابی کی خواہش کرتے ہیں، ہمیں یقین ہے کہ اپنے متعلقہ شعبوں میں اہم کردار ادا کریں گی اور آنے والی نسلوں کیلئے متاثر کن رول ماڈل کے طور پر کام کریں گی، یونیورسٹی آف ہری پور اپنے طلبہ کو ان کے تعلیمی اور پیشہ وارانہ حصول میں بہترین اور کامیاب ہونے کے مواقع فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔