26.6 C
Islamabad
اتوار, اپریل 20, 2025
ہومعلاقائی خبریںیونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں میڈیکل ایڈیٹرز کی چھٹی قومی کانفرنس ،...

یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں میڈیکل ایڈیٹرز کی چھٹی قومی کانفرنس ، وزیر صحت پنجاب نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی

- Advertisement -

لاہور۔21اکتوبر (اے پی پی):یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں میڈیکل ایڈیٹرز کی چھٹی قومی کانفرنس منعقدہوئی،جس میں وزیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔کانفرنس کا موضوع ’’خطے میں میڈیکل جرنلز کے معیار کو بڑھانا‘‘ ہے۔کانفرنس کا انعقاد پاکستان ایسوسی ایشن آف میڈیکل ایڈیٹرز کی جانب سے کیا گیا۔کانفرنس میں ملک بھر سے میڈیکل جرنلز کے ایڈیٹرز اور رائٹرز نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پرمیڈیکل ایڈیٹنگ میں گراں قدر خدمات پر پروفیسر محمد اسلم کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔

پروفیسر فاطمہ جواد اور شوکت علی جاوید کو بھی لائف ٹائم اچیومینٹ ایوارڈ دیا گیا۔ وزیر صحت پنجاب نے کہاکہ میڈیکل جرنلز صحت کے حوالے سے پالیسی سازی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں ۔ ہمارے طبی جریدوں کو تحقیقی معیار کے مسائل کا سامنا ہے۔ عالمی سطح پر اپنے جریدوں کی ساکھ بڑھانےکے لئے شائع شدہ تحقیق کی شفافیت کو ترجیح دینی ہوگی۔خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ صرف چند پاکستانی طبی جریدے امپیکٹ فیکٹر حاصل کر سکے ہیں۔

- Advertisement -

معیاری طبی تحقیق کو فروغ دینا صحت کے معیار کو بہتر بنانے کےلئے لازمی ہے۔پاکستان میں طبی صحافت کا مستقبل روشن ہے۔اس موقع پر وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر احسن وحید راٹھور نے کہا کہ یونہورسٹی میں میڈیکل جرنلز کا علیحدہ شعبہ قائم کردیا گیاہے۔پوسٹ گریجویٹ کورسز کے نصاب میں میڈیکل ریسرچ رائٹنگ کو شامل کیا ہے۔یو ایچ ایس کے ساتھ 176 ادارے الحاق شدہ ہیں اور ہر ادارے سے ایک ریسرچ پیپر بھی آئے تو ہر سال سینکڑوں مقالے شائع کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ انڈر گریجویٹ کورسز میں بھی سٹرکچرڈ ریسرچ کو شامل کیا ہے۔وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر خالد مسعود گوندل نے کہاکہ معیار ایک مسلسل عمل کا نام ہے۔مصنوعی ذہانت مستقبل میں ڈاکٹر کا متبادل نہیں ہوگی لیکن مستقبل میں وہی ڈاکٹر کامیاب ہوگا جسے مصنوعی ذہانت کا استعمال آتا ہوگا۔پی ایم ڈی سی کی سطح پر میڈیکل جرنلز کے معیار کے حوالے سے کام ہوا ہے۔

وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمود ایاز نے کہاکہ میڈیکل ریسرچ کا فائدہ کسی نہ کسی طور پر عام آدمی تک پہنچنا چاہیے۔صرف ریسرچ پیپر چھاپنا اہم نہیں بلکہ اس کا درست اور کارآمد ہونا ضروری ہے۔کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے میڈیکل جرنلز کو 39 سال بعد امپیکٹ فیکٹر ملا ہے۔کانفرنس کے شرکا میں پرو وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر نادیہ نسیم ،عالمی ادارہ صحت کے نمائندہ ڈاکٹر نوید اصغر

پامی کے صدر پروفیسر ایس ایچ وقار اور سیکرٹری ای ایم اے ایم ای شوکت علی جاوید ،چیئر پرسن ایچ ای سی جرنلز کمیٹی پروفیسر محمد اسلم، پروفیسر سائرہ افضل، پروفیسر فاطمہ جواد، پروفیسر اختر شیریں، پروفیسر جمشید اختر، ڈاکٹر مسعود جاوید نے شرکت کی۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=515213

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں