یونیورسٹی اولمپیاڈمیں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے نوجوانوں کو قومی و بین الاقوامی سطح پر مواقع فراہم کئے جائیں گے،رانا مشہود احمد خان

115

اسلام آباد۔20نومبر (اے پی پی):وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا ہےکہ یونیورسٹی اولمپیاڈمیں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے نوجوانوں کو قومی و بین الاقوامی سطح پر مواقع فراہم کئے جائیں گے، 15لاکھ نوجوانوں کو ہنرمند بنا کر روزگار کے مواقع فراہم کریں گے۔

بدھ کو یونیوسٹی اولمپیاڈ کے آغاز کے موقع پر چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتےہوئے رانامشہود احمد خان نے کہا کہ ہم ملک میں مثبت سرگرمیوں کے فروغ کے لئے کام کررہے ہیں۔

پاکستان کے خلاف باربار سازش کی جاتی ہے،ترقی کی راہ روکنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ پاکستان کے خلاف سازش کرنے والے ناکام ہوں گے ۔دنیا پاکستان کے ساتھ مل کر چل رہی ہے۔

وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت نوجوانوں کو تعلیم ، فنی تعلیم ، کھیل اور کلچر سمیت دیگر شعبوں میں مواقع فراہم کرنے پر توجہ مرکوز کررکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام معاشی اشاریے مثبت ہیں۔ مہنگائی میں کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی اولمپیاڈ میں ملک بھر سے 30ہزار ایتھلیٹس حصہ لے رہے ہیں۔

وزارت اطلاعات و نشریات و ثقافتی ورثہ ، وزارت بین الصوبائی رابطہ ، ایچ ای سی ، اسلام آباد انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے تعاون پر ان کے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایس سی او میں اہم ممالک کے سربراہان نے شرکت کی جس سے پاکستان کے بیرون ملک روابط کو فروغ ملا۔ انہوں نے کہاکہ یونیورسٹی اولمپیاڈمیں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے نوجوانوں کو قومی و بین الاقوامی سطح پر مواقع فراہم کئے جائیں گے

انہوں نے کہا کہ نوجوان ملک کا مستقبل ہیں، ا ن کا راستہ کوئی نہیں روک سکتا۔ 15لاکھ نوجوانوں کو ہنرمند بنا کر روزگار کے مواقع فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا پاکستان بنائیں گے جس کے لئے ہمارے بزرگوں نے قربانیاں دیں ، جس کا خواب علامہ محمد اقبال نے دیکھااور جس کے لئے قائد اعظم نے جدوجہد کی ۔

انہوں نے کہا کہ ان نوجوانوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کریں گے اور یہ چیمپین بن کر دنیا میں پاکستان کا پرچم بلند کریں گے۔ اس موقع پر انہوں نے یونیورسٹی اولمپیاڈ مقابلوں میں شریک 2 خصوصی نوجوانوں کا سراہا اور ان کے لئے خصوصی موٹر سائیکلوں کے لئے ایک لاکھ 75ہزار روپے فی کس کا چیک بھی دیا۔