یونیورسٹی اولمپیاڈ کا21 سے 23 نومبرتک کامیابی سے انعقاد یقینی بنائیں گے ، 30ہزار ایتھلیٹس حصہ لے رہے ہیں، رانا مشہود احمد خان

92

اسلام آباد۔19نومبر (اے پی پی):وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا ہےکہ یونیورسٹی اولمپیاڈ کا21 سے 23 نومبرتک کامیابی سے انعقاد یقینی بنائیں گے،دنیا پاکستان کی طرف رخ کررہی ہے، 14 ممالک سے 50 کھلاڑی ٹینس چیمپین شپ میں شرکت کر رہے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے منگل کو پریس کانفرنس کرتےہوئے کیا۔ رانامشہود احمد خان نے کہا کہ ہم ملک میں مثبت سرگرمیوں کے فروغ کے لئے کام کررہے ہیں۔ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت تعلیم ، فنی تعلیم ، کھیل اور کلچر سمیت دیگر شعبوں میں روزانہ کی بنیاد پرنئے عوامل شامل کررہےہیں جس سے معیشت سمیت تمام شعبوں میں نمایاں بہتری آ رہی ہے

انہوں نے کہا کہ کاپ 29 کانفرنس میں پاکستانی پویلین مرکز نگاہ ہے۔ وزیراعظم محمد شہبازشریف کی کاپ 29 کانفرنس میں شرکت کے موقع پر کئی اہم رہنمائوں سے ملاقاتیں ہوئیں، جس کی وجہ سے دنیا پاکستان کی طرف رخ کررہی ہے، 14 ممالک سے 50 کھلاڑی ٹینس چیمپین شپ میں شرکت کر رہے ہیں، 7ممالک کے کھلاڑی سکوائش کھیلنے آئے ہوئے ہیں، ہر ماہ بڑی تعداد میں سیاح ، کھلاڑی اور سرمایہ کار پاکستان آرہے ہیں

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی اولمپیاڈ 21 نومبر سے 23 نومبر تک لیاقت جمنیزیم میں کھیلی جائے گی جس میں ملک بھر سے 30ہزار ایتھلیٹس حصہ لے رہے ہیں۔ وزارت اطلاعات و نشریات و ثقافتی ورثہ ، وزارت بین الصوبائی رابطہ ، ایچ ای سی ، اسلام آباد انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے تعاون پر ان کے مشکور ہیں۔ ان کے مشترکہ تعاون سے ملک کامثبت تشخص اجاگر ہو رہا ہے۔ یونیورسٹی اولمپیاڈ میں 10 کھیل شامل ہیں۔ ان مقابلوں میں شرکت کےلئے تمام ممالک کے سفیروں ، متعلقہ فریقوں ، ترقیاتی شراکت داروں اور کھیلوں کی تنظیموں کو دعوت د ی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس میگاایونٹ میں شریک باصلاحیت کھلاڑیوں کو ہمیں سپورٹ کرنی چاہیے اور ان کا خیرمقدم کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی مسلم لیگ (ن) کی حکومت آئی ، انہوں نے نوجوانوں کو سہولتیں فراہم کیں جبکہ ایک سیاسی جماعت تخریب کا کام کر رہی ہے۔

وہ نوجوانوں کو بھٹکاتی ہے۔ ہمیں پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں حصہ لینا ہے۔ بعض عناصر اس ترقی اور خوشحالی کو ڈی ریل کرنا چاہتے ہیں۔ پاکستانی نوجوانوں کے مستقبل پر کمپرومائز نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایس سی او میں شریک ممالک پاکستان کی ترقی میں شمولیت کے لئے آ رہے تھے، اس موقع پر بھی انہوں نے احتجاج کیا جس کا کوئی جواز نہیں بنتا تھا، اس سے ان کا چہرہ بے نقاب ہوا۔

ان کے دور میں پاکستان میں کوئی سرمایہ کاری نہیں آئی اور ا ب بھی وہ چاہتے ہیں کہ پاکستان میں کوئی سرمایہ کاری نہ آئے۔ انہوں نے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے روکنے کی کوشش کی۔ رانا مشہود احمدخان نے کہاکہ خوشحال مستقبل پاکستانی نوجوانوں کا حق ہے۔ پوری قوم 24 نومبر کا احتجاج مسترد کرچکی ہے۔ یونیورسٹی اولمپیاڈ کاکامیابی سے انعقاد یقینی بنائیں گے اور انتشاری ٹولہ ناکام ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے جھوٹے کیسز کا عدالتوں میں سامنا کیا اور سرخرو ہوئے۔ ان کے خلاف بھی عدالتوں میں بڑی کرپشن کے مقدمات ہیں۔

وہ ان کا عدالتوں میں سامنا کریں۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی ملک کی ریڈ لائن ہے ، ان فوٹیجز سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان کی قیادت دہشت گردی اور تخریب کاری کی دعوت دے رہی ہے اور خود بھی اس میں ملوث ہے۔ ماضی میں ان کو سہولت کاروں نے مواقع دیئے ۔ اب اس ملک میں ایسا نہیں ہوسکتا ۔ ان سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے۔