لاہور۔16اکتوبر (اے پی پی):یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی )لاہور میں وزیر اعلی ہونہار سکالر شپ سکیم اورسیشن 2024کے طلبا کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب منعقد ہوئی۔وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد منیر نے سکالرشپ سکیم کو سراہا اور نئے طلبا کو خوش آمدید کہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ والدین کے خوابوں کی تعبیر بنیں گے۔انہوں نے یو ای ٹی میں طلبا کو عالمی معیار کی سہولتیں فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا نیزاعلی تعلیم کے فروغ کیلئے پنجاب حکومت کے اقدامات کی تعریف کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پارلیمنٹری سیکرٹری برائے ہائیر ایجوکیشن اجمل خان چانڈیا نے کہا کہ ہونہار سکالر شپ سکیم سے مستفید ہونے والے طلبا کے تعلیمی اخراجات چار سال کے تعلیمی اخراجات پنجاب حکومت برداشت کرے گی،پروگرام کے تحت 68ڈسپلنز میں سالانہ 30ہزارطلبہ کو سکالر شپ دی جائے گی ،50پبلک سیکٹر یونیورسٹیز کے طلبا کو سکالر شپس ملیں گی، یہ 130ارب روپے مالیت پر مشتمل سکالر شپ پروگرام ہے۔قبل ازیں وائس چانسلر نے اپنے خطاب میں کہا کہ یو ای ٹی مالی مشکلات کا شکار ہے ،ہم امید کرتے ہیں کہ پنجاب حکومت ہمیں بیل آئوٹ پیکج دے گی تاکہ پاکستان کا عظیم الشان ادارہ اپنے مالی اور انتظامی امور بہتر طریقے سے انجام دے سکے۔
تقریب میں سپیشل سیکرٹری منیب الرحمن اور چیف آپریٹنگ آفیسر ایچ ای سی انجینئر ڈاکٹر منصور بلوچ ، ڈائریکٹر سٹوڈنٹ افیئر ڈاکٹر آصف علی قیصر نے بھی خطاب کیا ۔تقریب میں پرو وائس چانسلر ڈاکٹر ناصر حیات، فیکلٹی ممبران، ڈین حضرات اور طلبا و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔