پشاور۔ 21 مارچ (اے پی پی):یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پشاور میں ”گمراہ کن معلومات اور جعلی خبروں” کے موضوع پر ایک آگاہی سیمینار منعقد ہوا۔ یہ سیمینار کوالٹی انہانسمنٹ سیل اور ڈائریکٹوریٹ آف میڈیا اینڈ پبلیکیشنز یوای ٹی پشاور کے اشتراک سے منعقد کیا گیا جس کا مقصد ڈیجیٹل پلیٹ فارمز، بشمول سوشل میڈیا اور آن لائن خبروں کے ذرائع پھیلنے والی غلط معلومات اور جعلی خبروں کے پھیلاؤ کو سمجھنا اور اس کے سدباب کے طریقوں پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔ سیمینار نے ڈیجیٹل میڈیا لٹریسی اور ذمہ دارانہ آن لائن رویے کی اہمیت کو اجاگر کیا تاکہ گمراہ کن معلومات کے بڑھتے ہوئے خطرے کا مؤثر طریقے سے مقابلہ کیا جا سکے۔
تقریب کے سپیکر محمد علی خان، ڈپٹی ڈائریکٹر سائبر کرائم سیل، وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) پشاور تھے۔ انہوں نے سیمینار کے شرکا اس حوالے سے اہم معلومات فراہم کرتے ہوئے کہا کو ڈیجیٹل ٹیکنالوجی ایک دو دھاری تلوار ہے جس کے جہاں بے شمار فوائد فراہم کرتی ہے وہیں سائبر کرائمز، جعلی خبروں اور جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹس جیسے خطرات کو بھی جنم دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے ”پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (PECA)” کے تحت نفرت انگیز مواد، ریاست مخالف پروپیگنڈا اور قومی اداروں کے خلاف اکسانے جیسے جرائم کے خلاف سرگرم عمل ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ایف آئی اے نے حال ہی میں بنوں اور کرک میں جعلی فنگر پرنٹس کے ذریعے غیر قانونی سم ایکٹیویشن میں ملوث ایک مجرمانہ نیٹ ورک کو بے نقاب کیاجس کے بعد پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (PTA) نے اپنی تصدیقی طریقہ کار کو مزید سخت کر دیا ہے۔
انہوں نے شرکا پر زور دیا کہ وہ کسی بھی خبر کو شیئر کرنے سے پہلے اس کی تصدیق کریں، سنسنی خیز سرخیوں اور گمراہ کن مواد سے محتاط رہیں، اور قابل اعتماد ذرائع پر انحصار کریں۔پروفیسر ڈاکٹر قیصر علی، وائس چانسلر یو ای ٹی پشاور نے پاکستان کے دشمنوں کی جانب سے قومی اداروں کو بدنام کرنے کے لئے پھیلائی جانے والی منظم پروپیگنڈہ کی شدید مذمت کی اور کہا کہ آزادی اظہار رائے کے دائرے میں رہ کر ہمیں معلومات کی غلط فہمی اور جعلی خبروں کا مقابلہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آزادی اظہار رائے کے حق کی حمایت کرتا ہے مگر اس کے ساتھ ساتھ ہمیں معلومات کی درستگی اور جھوٹی خبروں سے بچنے کے لیے اسلام کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے ڈیجیٹل میڈیا ٹیکنالوجی کا درست استعمال کرنا چاہیے۔
انہوں نے طلباء کو ڈیجیٹل میڈیا لٹریسی سیکھنے اور آن لائن مواد کی تصدیق کرنے کے لئے عملی ٹولز فراہم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔پروفیسر ڈاکٹر رضوان گل، سینئر ڈین نے مہمانوں کا خیرمقدم کیاجبکہ پروفیسر ڈاکٹر وقار شاہ، ڈین الیکٹریکل اینڈ کمپیوٹر انجینئرنگ، ڈاکٹر خضر اعظم خان ، رجسٹرار یو ای ٹی پشاور، مختلف ڈیپارٹمنٹس کے چئیرمین حضرات ، فیکلٹی ممبران اور سیٹلائٹ کیمپس کے طلبا نے سیمینار میں آن لائن شرکت کی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=574951