یونیورسٹی روڈ پر ٹریفک جام کے خاتمے کیلئے کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کی زیر صدارت اجلاس کا انعقاد

پشاور۔ 09 دسمبر (اے پی پی):وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی خصوصی ہدایات پر یونیورسٹی روڈ پر ٹریفک جام کے خاتمے اور ٹریفک کی روانی میں بہتری کے لئے کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کی زیر صدارت اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پشاور، ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ، ڈائریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن، اسسٹنٹ کمشنر یونیورسٹی ٹاؤن، سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور دیگر متعلقہ افسران نے …

پشاور۔ 09 دسمبر (اے پی پی):وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی خصوصی ہدایات پر یونیورسٹی روڈ پر ٹریفک جام کے خاتمے اور ٹریفک کی روانی میں بہتری کے لئے کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کی زیر صدارت اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پشاور، ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ، ڈائریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن، اسسٹنٹ کمشنر یونیورسٹی ٹاؤن، سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔

اجلاس میں یونیورسٹی روڈ پر ٹریفک جام کے خاتمے اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لئے رات دس بجے سے صبح سات بجے تک ٹرک اور ٹریکٹر پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا،یونیورسٹی روڈ پر ٹریفک کی روانی میں بہتری کے لیے یونیورسٹی روڈ اور اطراف کے روڈز پر تجاوزات کے مکمل خاتمے، چلنے والی ٹرانسپورٹ کی رہنمائی کے لیے ٹریفک پولیس کی اضافی نفری تعینات کرنے اور دیگر غیر قانونی ٹرانسپورٹ مکمل بند کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں یونیورسٹی روڈ پر ٹریفک جام کے مکمل خاتمے اور ٹریفک کی روانی میں بہتری کے لئے تمام وسائل بروئے کار لانے کا فیصلہ کیا گیا ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے تمام متعلقہ اداروں کو تنبیہ کی کہ یونیورسٹی روڈ پر ٹریفک کی روانی میں بہتری کے لئے سنجیدہ کوششیں کی جائے اور ٹریفک جام کا باعث بننے والے عوامل کی سختی سے حوصلہ شکنی کی جائے تاکہ یونیورسٹی روڈ پر ٹریفک جام کے مسائل کا مستقل بنیادوں پر خاتمہ ممکن بنایا جاسکے ۔