یونی لیور پاکستان اور کوالٹی پروکیورمنٹ اینڈ مینجمنٹ سروسزکے درمیان ٹی آر ایف سی کی بہتری کے معاہدے پر دستخط

104

اسلام آباد۔23اپریل (اے پی پی):یونی لیور پاکستان( یو پی ایل) اور کوالٹی پروکیورمنٹ اینڈ مینجمنٹ سروسز(کیو پی ایم ایس)نے شمالی خیبر پختونخوااورگلگت بلتستان میں سیاحوں کیلئے شاہراوں پر سہولت مراکز ٹی آر ایف سی کی بہتری کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں تاکہ ما حولیاتی سیاحت کو فروغ دینے کے لئے سیاحت کیلئے موزوں دیہی علاقوں میں معیار زندگی میں بہتری لائی جاسکے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسرکوالٹی پروکیورمنٹ اینڈ مینجمنٹ سروسزملک صابر حسین نے کہا کہ ٹی آر ایف سی کو خوبصورت قدرتی علاقوں اور شاہراہوں کی دیہی سڑک سے منسلک کیا گیا ہے جس کا مقصد سیاحوں اور مقامی برادریوں کے مابین معیاری مقامی مصنوعات ، خوراک ، اے ٹی ایم ، کیمپنگ سائٹ ، کاروان اسٹیشن ، کرایہ پر موٹرسائیکلوں کی فراہمی ،نماز کی جگہ ، ، عوامی واش رومز اور موبائل آٹو ورکشاپ کی دستیابی سے متعلق روابط پیدا کرنا ہے۔

مستقبل میں یو پی ایل اور کیو پی ایم ایس شمالی خیبر پختونخوااورگلگت بلتستان میں دیہی علاقوں میں ایس ایم ایزکے لئے آسان شرائط پرقرضوں کیلئے مالی اداروں سے بات چیت کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایف سی سڑک کنارے آرام کی جگہ ہوگی جس میں مسائل کو منظم طریقے سے حل کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کو قدرتی علاقوں اور شاہراہوں کی دیہی سڑک سے منسلک کیا جائے گا یہ سیاحوں اور مقامی برادریوں کے مابین روابط پیدا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایف سی سڑک کنارے نجی سہولیات سے مختلف ہے کیونکہ اس کا انتظام کیو پی ایم ایس کرے گا اور اس کی سرپرستی ملٹی نیشنل کمپنیوں کے تعاون سے کی جائے گی۔

جدید سپلائی چین نیٹ ورک کے ذریعے مقامی ایس ایم ایز کو مارکیٹ میں کام کرنے میں مدد فراہم کی جائے گی جو پائیدار سیاحت میں اہم کردار ادا کرے گا۔انہوں نے کہا کہ مارکیٹ میں فعالیت کے ذریعے تجارتی خدمات کی فراہمی کے علاوہ ، ٹی آر ایف سی عوامی اور سماجی خدمات جیسا کہ حفظان صحت ، ایڈز اور سیاحتی پیشہ ورانہ تربیت کی فراہمی کے مواقع بھی فراہم کرے گا۔