یونی لیور پاکستان کا اپنے آپریشنز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کیلئے کے- سولر کے ساتھ اشتراک

259
صدر فیصل آباد چیمبر

اسلام آباد۔18مئی (اے پی پی):یونی لیور پاکستان نے رحیم یار خان اور کراچی میں اپنے آپریشنز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کیلئے کے الیکٹرک کے ذیلی ادارے کے-سولر کے ساتھ شراکت کا اعلان کیا ہے۔ یہ اقدام یونی لیور پاکستان کے پائیدار اہداف کے حصول کی جانب ایک اہم قدم ہے جس میں 2039 تک کمپنی کے کاروبار میں نیٹ زیرو اخراج بھی شامل ہے۔ اس اقدام کے ذریعے کمپنی قومی گرڈ پر دبائو کم کرنے اور مقامی معیشت کو سہولت فراہم کرتے ہوئے، قابل تجدید ذرائع کے ذریعے سالانہ2.3 ملین کلو واٹ فی گھنٹہ توانائی پیدا کر سکے گی جس سے اس مد میں آنے والی لاگتوں میں سالانہ تقریباً 84 ملین روپے کی بچت ہوگی۔

یونی لیور پاکستان کے سولر کیپٹوو پاور پلانٹ فیز 2 کی تنصیب کمپنی کے قابل تجدید توانائی کے حل کیلئے عزم کا اظہار ہے جس سے کمپنی کی لاگت اور CO2 اخراج میں واضح کمی واقع ہوگی۔ یونی لیور کیلئے سرف ایکسل تیار کرنے والی Futehally کیمیکلز لمیٹڈ میں نصب کئے جانے والے 362 کلو واٹ سسٹم سے سالانہ 496,035 کلو واٹ فی گھنٹہ کی بچت ہوگی جس سے توانائی کی لاگت میں 18 ملین روپے اور کاربن کے اخراج میں 233 میٹرک ٹنز کمی ہوگی۔ رحیم یار خان فیکٹری میں 1000 کلو واٹ سسٹم کی تنصیب سے 1,430,886 کلو واٹ فی گھنٹہ کی بچت ہوگی اور سالانہ لاگت میں تقریباً 53 ملین روپے اور کاربن کے اخراج میں 662 میٹرک ٹنز کمی ہوگی۔

رحیم یار خان سٹیٹ میں 250 کلو واٹ سسٹم کی تنصیب سے 357,721 کلو واٹ فی گھنٹہ کی بچت ہوگی اور سالانہ لاگت میں 13 ملین روپے اور کاربن کے اخراج میں 165میٹرک ٹنز کی کمی ہوگی۔یونی لیورپاکستان کی ان منصوبوں میں سرمایہ کاری پائیداری کے حوالے سے کمپنی کے عزم کو تقویت دیتی ہے جبکہ یونی لیور کی فیکٹریاں، دفاتر، تحقیقی لیبز، ڈیٹا سینٹرز، گودام، اور ڈسٹری بیوشن سینٹرز کا کمپنی کے کل گرین ہائوس گیس کے اثرات کا حصہ صرف 2فیصد ہے تاہم کمپنی ان اخراج کی اہمیت کو تسلیم کرتی ہے اور انہیں مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

یونی لیور پاکستان میں سپلائی چین ہیڈ عبدالحنان احمد خان نے اس اشتراک پر گفتگو کرتے ہوئے کہا”یونی لیور پاکستان پائیدار طرز عمل اور ماحول پر کاربن اخراج کے اثرات کو کم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ شمسی توانائی کا یہ منصوبہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے اور روشن اور صاف مستقبل بنانے کیلئے ہمارے عزم کا عکاس ہے۔قابل تجدید توانائی میں سرمایہ کاری کے ذریعے ہم نہ صرف کاربن کے اخراج کو کم کر رہے ہیں، بلکہ ان طبقات میں مثبت تبدیلی لانے میں کوشاں ہیں جہاں ہم آپریٹ کرتے ہیں "۔کے –

سولر کے سی ای او ہاشم رضا نے پائیدارتوانائی پر مبنی مستقبل کے حصول کیلئے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس مقصد کیلئے یونی لیور کے ساتھ اشتراک پر خوشی ہے، پائیداری میں یونی لیور کی قیادت اور قابل تجدید توانائی کے حل میں کے-سولر کی مہارت کے ساتھ ہمیں یقین ہے کہ ہم کاربن کے اخراج کو کم کرنے اور صاف توانائی کے ذرائع کے استعمال کو فروغ دینے میں نمایاں کردار ادا کرسکتے ہیں ۔

یونی لیور کئی عشروں سے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کیلئے اقدامات اٹھانے میں آگے ہے اور کاربن کے اخراج کو کم کرنے کیلئے تسلسل کے ساتھ کام کررہی ہے۔ فوسلز فیو لز کو مکمل طور پر ختم کرنے اور قابل تجدید توانائی پر منتقلی کی فوری ضرورت کو تسلیم کرتے ہوئے یونی لیور پاکستان اپنے گرین ہائوس گیسوں کے اخراج سے نمٹنے کے لیے کوششیں کررہی ہے۔