اسلام آباد۔23اکتوبر (اے پی پی):قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن نے گزشتہ آٹھ برسوں میں 19لاکھ 7ہزار 910میٹرک ٹن چینی حاصل کی ہے۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں طاہرہ اورنگزیب کے سوال پر وفاقی وزیر صنعت و پیداوار محمد حماد اظہر نے ایوان کو تحریری طور پر آگاہ کیا کہ یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن نے یہ چینی 47.50 روپے سے لے کر 88.10 روپے کے حساب سے حاصل کی ہے۔ ایوان کو بتایا گیا کہ کارپوریشن نے سرکاری طریقہ کار کے مطابق مذکورہ مقدار میں چینی حاصل کی ہے۔ 25 اپریل 2014ءمیں کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلے کے مطابق شوگر ملوں سے براہ راست چینی حاصل کی گئی۔ اسی طرح ٹریڈنگ کارپوریشن کے ذریعے بھی یوٹیلٹی سٹورز نے چینی حاصل کی ہے۔