اسلام آباد۔1فروری (اے پی پی):ملک بھر کے تمام یوٹیلیٹی سٹورز پر ڈیمانڈ اینڈ سپلائی کی بہتری اور برانڈڈ اشیا کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے چند برانڈڈ اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔ترجمان یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے مطابق یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن خود مینوفیکچرنگ یا پروڈکشن نہیں کرتا بلکہ ملک کی مایہ ناز اور سرٹیفائیڈ برانڈڈ کمپنیوں سے خریداری کرتا ہے،
جب خام مال کی قیمتوں میں اضافہ، پروڈکشن چارجز میں اضافہ اور ٹرانسپورٹیشن چارجز میں اضافہ ہوتا ہے تو پروڈکٹ کاسٹ بھی بڑھتی ہے جس کی وجہ سے قیمتوں پر نظر ثانی کرنا پڑتی ہے ۔واضح رہے کہ ان اشیاء کی قیمتیں گزشتہ 7،8 ماہ سے مستحکم رکھی گئی تھی۔
ترجمان کے مطابق ملک بھر کے تمام یوٹیلیٹی سٹورز پر وزیراعظم ریلیف پیکیج کے تحت اب بھی مخصوص اشیاپر سبسڈی دی جارہی ہے، ان اشیا میں آٹا، چینی، گھی، دالیں اور چاول شامل ہیں ۔اضافہ کے باوجود یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن عوام کو عام مارکیٹ کی نسبت معیاری اور سستی اشیاکی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے سرگرم عمل ہیں۔