اسلام آباد۔4مارچ (اے پی پی):یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے وزیراعظم رمضان ریلیف پیکج 2024 کا (کل)بروز منگل سے باقاعدہ آغاز ہو رہا ہے جو چاند رات تک جاری رہے گا۔ سال 2023 کی طرح اس سال بھی وزیراعظم پاکستان نے عوا م کی سہولت کیلئے رمضان المبارک کے مہینے میں 7.5 ارب کی خصوصی سبسڈی کا اعلان کیا ہے جو کہ یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن ملک بھر میں پھیلے اپنے نیٹ ورک کے ذریعے عوام تک پہنچائے گا۔ وفاقی حکومت کے اس خصوصی پیکج کے تحت یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے ذریعے عوام کو 19 بنیادی اشیاء خوردونوش بشمول آٹا،گھی،خوردنی تیل، چینی،دال چنا،سفید چنے،بیسن،کجھور،چاول،چائے،مصالحہ جات،دودھ اور مشروبات رعایتی نرخوں پر فراہم کی جائیں گی۔
یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن رمضان کے دوران عوام کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام غذائی اجناس کی وافر مقدار میں دستیابی کو یقینی بنائے گی۔اس دفعہ یہ رعایت ٹارگیٹڈ سبسڈی کے ذریعے بی آئی ایس پی میں PMT-40کی بجائےPMT-60 کے رجسٹرڈغریب اور متوسط خاندانوں کو ملے گی اور پی ایم ٹی۔60کی وجہ سے 20کروڑعوام اس پیکج سے مستفید ہو سکیں گے۔
وفاقی حکومت کی جانب سے اس سبسڈی کے نتیجے میں آٹے کا 10 کلو کا تھیلا 648روپے، گھی فی کلو 365روپے، چینی109روپے فی کلو، جبکہ خوردنی تیل پر25روپے فی لیٹر، دال چنا پر25روپے فی کلو،سفید چنے پر25روپے فی کلو،بیسن پرفی کلو50روپے،کجھور پر 50روپے فی کلو،باسمتی چاول پر 25روپے فی کلو،سیلہ چاول پر25 روپے فی کلوروپے،ٹوٹا چاول 25روپے فی کلو،چائے) 800گرام) پر 100روپے، ٹیٹرا پیک دودھ پر 30روپے لیٹر خصوصی رعایت دی جائیگی۔ مصالحہ جات اور مشروبات بھی سستے داموں فروخت کئے جائینگے جو کہ بلاشبہ ایک فلاحی اور مثالی اقدام ہے جس سے عام آدمی کو خاطر خواہ ریلیف ملے گااور یہی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
ا س ماہ رمضان میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP)میں PMT-60میں رجسٹرڈ افراد کو 20 کلو آٹا، 5 کلو چینی، 5 کلو گھی، جبکہ 3 کلو چاول، دالیں، اور کوکنگ آئل ماہانہ کے حساب سے فراہم کئے جائینگے۔ جبکہ دیگر اشیاء کی خریداری پر کوئی حد مقرر نہیں ہے۔مزید ازاں اپنی اہلیت جاننے کیلئے یو ٹیلیٹی سٹورز کی ویب سائٹ http:/usc.org.pk/ramazan/subsidy/score/search سے رجوع کریں۔جو افراد بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹرڈ نہیں ہے وہ فوری طور پر بی آئی ایس پی کے علاقائی دفاتر یا مخصوص یوٹیلیٹی سٹور پر موجود بی آئی ایس پی رجسٹریشن کائونٹرز سے رابطہ کریں۔ بی آئی ایس پی کے علاوہ عام صارفین کیلئے بھی یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن نے اپنے وینڈرز اور سپلائرز کے ساتھ مل کرخصوصی رعایت کا اہتمام کیا ہے جس کی وجہ سے تمام اشیاء بغیر کسی حد بندی کے رعایتی قیمتوں پر حاصل کر سکیں گے۔
جنرل صارفین کیلئے 1000سے زائد اشیاء پر بھی 15فیصد تک خصوصی رعایت دی گئی ہیں جن کی لسٹیں رمضان کے دوران عوام کی سہولت کیلئے تما م سٹوروں میں ٓاویزاں کی جائینگی۔رمضان المبارک کے دوران اشیاء خوردونوش کی وافر فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے جس سے عوام کو کسی بھی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑیگا اور انکو انکی دہلیز پر معیاری اور سستی اشیاء کا حصول ممکن ہوگا۔رمضان کے دوران ملک بھر کے تمام یوٹیلیٹی سٹورز عوام کی خدمت کیلئے معمول کے مطابق کھلے رہینگے۔
پیکج کی مانیٹرنگ کیلئے ہیڈ آفس میں مانیٹرنگ سیل قائم کر دیا گیا ہے جو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے عوام کی شکایات کا فوری ازالہ کریگی اسکے علاوہ پیکج کی شفافیت کیلئے ویجیلنس کو بھی مزید موثر بنایا گیا ہے اور مختلف ویجیلنس ٹیمیں پورے پاکستان میں پیکج کی مانیٹرنگ کریگی تا کہ رمضان پیکج کے تمام تر فوائد عام آدمی تک پہنچائے جا سکیں۔ یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کی انتظامیہ اور ورکرز دن رات عوام کی خدمت میں مصروف عمل ہیں۔کسی بھی شکایت کی صورت میں 0800-05590پر کال کریں۔