نئی دہلی ۔18فروری (اے پی پی):بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا(بی سی سی آئی )کے زیر اہتمام ویمنز پریمیئر لیگ (ڈبلیو پی ایل ) کا تیسرا ایڈیشن بھارت میں شروع ہوچکا ہے ،جس میں شائقین کرکٹ کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو ملیں گے ۔ ویمنز پریمیئر لیگ میں کل (بدھ کو ) مزید ایک میچ کھیلا جائے گا جس میں یوپی واریرز اور دہلی کیپٹلز کی خواتین ٹیمیں کوٹمبی سٹیڈیم، وڈودراکے مقام پر آمنے سامنے ہوں گی۔
یوپی واریرز ویمنز ٹیم کو دپتی شرما لیڈ کریں گی جبکہ دہلی کیپٹلز کی ویمنز ٹیم کی قیادت آسٹریلوی کھلاڑی میگ لیننگ کریں گی۔ ویمنز پریمیئر لیگ میں 5 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے ایکشن میں نظر آئیں گی۔رائل چیلنجرز بنگلور کی ویمنز ٹیم لیگ میں ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔
ویمنز پریمیئر لیگ خواتین کا ایک پیشہ ورانہ ٹی ٹونٹی ڈومیسٹک کرکٹ ٹورنامنٹ ہے جس میں 5 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے کوشاں ہوں گی جن میں دہلی کیپٹلز،گجرات جائنٹس،ممبئی انڈینز،دفاعی چیمپئن رائل چیلنجرز بنگلور اور یوپی واریرزشامل ہیں۔ٹورنامنٹ ڈبل رائونڈ روبن اور پلے آف سسٹم پر کھیلا جا رہا ہے ۔ ٹورنامنٹ میں فائنل سمیت کل 22میچز کھیلے جائیں گے۔ٹورنامنٹ کا فائنل میچ 15مارچ 2025 کو کھیلا جائے گا۔