ریاض ۔18فروری (اے پی پی):امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو اور ان کے روسی ہم منصب سرگئی لاوروف نے منگل کو سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ملاقات کی ہے جس میں یوکرین میں جنگ بندی پر تبادل خیال کیا گیا ہے۔وائس آف امریکا کے مطابق دونوں ممالک کے رہنماؤں نے وفود کی سطح پر مذاکرات کئے۔امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو اسرائیل کا دورہ کرنے کے بعد پیر کو سعودی عرب پہنچے تھے جبکہ روسی وزیرِ خارجہ سرگئی لاوروف اور صدر ولادیمیر پیوٹن کے خارجہ امور کے مشیر یوری یشکوو بھی پیر کی شب ہی سعودی عرب پہنچ گئے تھے ۔
ریاض میں ماروکو روبیو نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور اپنے سعودی ہم منصب سے الگ الگ ملاقاتیں کی ہیں۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان ٹیمی بروس کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ وزیرِ خارجہ مارکو روبیو، قومی سلامتی کے مشیر مائیک والٹز اور نمائندہ خصوصی برائے مشرقِ وسطیٰ سٹیو وٹکوف روسی وفد سے ملاقات کریں گے۔دوسری جانب روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن کے مشیر کے مطابق امریکی حکام سے خالصتاً دوطرفہ مذاکرات ہوں گے جس میں یوکرین کا کوئی بھی عہدیدار شریک نہیں ہو گا۔
یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی کا کہنا ہے کہ یوکرین کی شمولیت کے بغیر مذاکرات کا کوئی نتیجہ نہیں نکلے گا اور یوکرین کسی نتیجے کو قبول نہیں کرے گا۔واضح رہے کہ صدر ٹرمپ نے حال ہی میں ایک بیان میں کہا تھا کہ انہوں نے روسی صدر سے جنگ کے خاتمے کے لئے گفتگو شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے۔امریکی صدر نے گزشتہ ہفتے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ٹیلی فون پر گفتگو کی تھی اور کہا تھا کہ ولادیمیر پیوٹن جنگ ختم کرنا چاہتے ہیں۔