کیف ۔31اگست (اے پی پی):یوکرین کے شہر لویو میں فائرنگ کے ایک واقعے میں یوکرین پارلیمنٹ کے سابق اسپیکر آندرے باروبی ہلاک ہو گئے۔عرب نیوز کے مطابق پولیس کے مطابق ہفتے کے روز دوپہر کے قریب لویو کے سیخیوسکی علاقے میں فائرنگ کی اطلاع ملی۔ بعد ازاں علاقائی انتظامیہ کے سربراہ نے آندرے باروبی کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حملہ آور کی تلاش جاری ہے۔
یوکرین کے صدر وولادیمیر زیلنسکی نے اس قتل کو خوفناک جرم قرار دیا۔ انہوں نے "ایکس” پلیٹ فارم پر اپنے پیغام میں بتایا کہ وزیر داخلہ ایگور کلیمنکو اور اٹارنی جنرل روسلان کراوشینکو نے انہیں واقعے سے متعلق ابتدائی معلومات فراہم کی ہیں، تاہم مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔ زیلنسکی کا کہنا تھا کہ قاتل کو گرفتار کرنے اور تحقیقات کے لیے تمام وسائل اور ادارے متحرک کر دیے گئے ہیں۔