یوکرین کی نیٹو میں شمولیت ناقابل قبول،اس کی اجازت نہیں دیں گے ، روس

95

ماسکو ۔4دسمبر (اے پی پی):روس نے کہا ہے کہ یوکرین کی نیٹو میں شمولیت ناقابل قبول ہے اور وہ اس کی اجازت نہیں دے گا۔تاس کے مطابق یہ بات روسی وزارت خارجہ نے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کے حوالے سے جاری بیان میں کہی۔انہوں نے کہا ہے کہ یوکرین کی نیٹو میں شمولیت ناقابل قبول ہے اور ہم اس کی اجازت نہیں دیں گے۔

بیان کے مطابق لاوروف نے دارالحکومت ماسکو میں ہنگری کے ہم منصب اور وزیر تجارت پیٹر سجارتو سے ملاقات کی اور دونوںملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعلقات اور بین الاقوامی امور بارے تبادلہ خیال کیا ۔ میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے لاوروف نے کہا کہ ہنگری کی انتظامیہ اپنے مفادات کے مطابق ایک آزاد انہ پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

یوکرین کے بحران بارے ان کا کہنا تھا کہ اس بحران کی بنیادی وجوہات کو ختم کیا جانا چاہیے، اس کی ایک وجہ نیٹو کی مشرق کی طرف بڑھ کر یوکرین کو اپنی طرف کھینچنے کی کوشش ہے، یہ روسی سرحد پر ایک فوجی خطرہ ہے۔