برسلز۔22ستمبر (اے پی پی):یورپی کمیشن نے کہا ہے کہ یوکرین کے ساتھ تجارتی تنازعے کے باعث یورپی یونین عالمی تجارتی تنظیم (ڈبلیو ٹی او) میں پولینڈ، ہنگری اور سلوواکیہ کی نمائندگی کرے گی۔چینی ذرائع ابلاغ کے مطابق یورپی کمیشن کی ترجمان مریم گارشیا فیرر نے کہا کہ تجارتی پالیسیاں یورپی یونین کے خصوصی دائرہ کار میں ہیں اور وہی تجارتی معاہدے طے کرتی ہے،
یہ اختیار ممبران کے پاس نہیں ۔ادھر،تینوں ممالک کا کہنا ہے کہ انہوں نے یہ پابندیاں اپنے کاشتکاروں کے تحفظات کو دور کرنے کے لیے لگائی ہیں کیونکہ روس کی جانب سے بحیرہ اسود کو بند کرنے کے باعث یوکرین پڑوسی ممالک کے ذریعے اناج برآمد کر رہا ہے ۔
یوکرین نے رواں ہفتے کے شروع میں ڈبلیو ٹی او میں تینوں ممالک کے خلاف قانونی کارروائی کی درخواست کی جس پر پولینڈ، ہنگری اور سلوواکیہ نے یوکرین کے اس اقدام کو بے بنیاد قرار دیا۔یاد رہے کہ گزشتہ روز پولینڈ کے وزیر اعظم میٹیوز موراویکی نے کہا کہ کا ملک اب یوکرینی افواج کو مزید ہتھیار فراہم نہیں کرے گا بلکہ اس کی بجائے اپنی حفاظت پر توجہ مرکوز کرے گا۔
یہ فیصلہ یوکرین سے اناج کی درآمد پر پابندی کے بعد پیدا ہونے والے سفارتی تنازعے کے بعد کیا گیا ہے۔ادھر یوکرینی حکام نے پولینڈ کی طرف سے اس کی اجناس پر عائد کی گئی پابندیوں کو غیر قانونی قرار دیتےہوئے اس معاملے پر عالمی تجارتی تنظیم سے رجوع کیا ہے۔