یوکرین کے ساتھ مذاکرات آئندہ ہفتے سعودی عرب میں ہوں گے، امریکا

85

واشنگٹن۔7مارچ (اے پی پی):امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایلچی برائے مشرق وسطیٰ سٹیو وٹکوف کا کہنا ہے کہ وہ روس کے ساتھ لڑائی ختم کرنے کے لئے فریم ورک پر یوکرین سے بات چیت کر رہے ہیں اور آئندہ ہفتے سعودی عرب میں یوکرین کی قیادت سے ملاقات طے ہے۔

اردو نیوز کے مطابق انہوں نے وائٹ ہاؤس میں صحافیوں کو بتایا کہ ہم اب یوکرین کے ساتھ میٹنگ کے لیے بات چیت کر رہے ہیں، یہ ممکنہ طور پر ریاض یا جدہ میں ہوگی۔ سعودی عرب میں ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے سٹیو وٹکوف نے کہا کہ میرے خیال میں امن معاہدے اور ابتدائی جنگ بندی کے لیے ایک فریم ورک تک پہنچنے کا منصوبہ ہے۔

دوسری جانب یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا کہ وہ یوکرین اور امریکی حکام کے درمیان طے شدہ مذاکرات سے ایک دن پہلے ( آئندہ پیر کو )سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔ انہوں نے ایکس پر ایک پوسٹ میں بتایا کہ اس کے بعد میری ٹیم اپنے امریکی شراکت داروں کے ساتھ کام کرنے کے لیے سعودی عرب میں رہے گی۔ یوکرین امن میں سب سے زیادہ دلچسپی رکھتا ہے۔