یوگا کا عالمی دن کل (جمعہ کو) منایا جا ئے گا

200
World Yoga Day
World Yoga Day

فیصل آباد۔ 20 جون (اے پی پی):فیصل آباد سمیت ملک بھر میں یوگا کا عالمی دن کل بروز جمعہ21 جون کو منایا جا ئے گاجبکہ اس موقع پر انٹرنیشنل یوگا ماسٹر بابا سلیم کی جانب سے جناح پارک فیصل آباد میں صبح ساڑھے5 بجے خصوصی تقریب منعقد کی جا ئے گی جس میں شہریوں کو یوگا کی اہمیت اور فوائد کے بارے میں آگاہ کیا جا ئے گا۔ یوگا ماسٹر باباسلیم شاہ نے اے پی پی سے بات چیت کے دوران کہا کہ صحتمند معاشرے کیلئے صحتمند لوگ ضروری ہیں جس کیلئے ہمیں لوگوں کے دل و دماغ میں صحت کی اہمیت کو اجاگرکرنا ہوگاجبکہ اس ضمن میں انسانی صحت کیلئے یوگا کی مشقیں انتہائی مفید ہیں۔

یوگا کے عالمی دن کی اہمیت کے بارے میں انہوں نے کہا کہ صحتمندافراد کے بغیرصحتمند معاشرے کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتااسلئے ہمیں لوگوں کے دل و دماغ میں صحت کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ دنیا کے مختلف حصوں میں انسانی صحت کی بحالی کیلئے مختلف قسم کی ورزشیں کی جاتی ہیں جن میں یوگا قدرت اور فطرت کے زیادہ قریب تر ہے۔انہوں نے کہا کہ یوگا کی آسان ورزشوں سے نہ صرف انسان خود صحتمند رہتا ہے بلکہ اس سے صحتمند معاشرے کی تشکیل میں بھی مدد مل سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بہت کم لوگ یوگا سے آشنا ہیں لیکن اس کے باوجود بعض طبقے اس کے فروغ کیلئے عملی کوششیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات باعث اطمینان ہے کہ یوگا کی اہمیت کے پیش نظر عالمی ادارہ صحت نے اس کو اپنے سال2030تک کے گلوبل ایکشن پلان میں شامل کر لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی ترقی کیلئے صحت مند افرادی قوت کی ضرورت ہے لہٰذاسیر و تفریح اور کھیل کود کی تمام سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ہم اپنے گھروں میں بھی یوگا کی ورزشیں کرکے خود کو ذہنی و جسمانی طور پر فٹ رکھ سکتے ہیں۔