یو ایس ایجنسی برائے بین الاقوامی ترقی کے زیر اہتمام ٹیکسٹائل سیکٹر کو درپیش موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کے تدارک بارے کانفرنس

116
USAID
USAID

لاہور۔22نومبر (اے پی پی):امریکا کی ایجنسی برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس اے آئی ڈی) کے زیر اہتمام پاکستان میں ٹیکسٹائل سیکٹر کو درپیش موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات اور اس کے تدارک کے لیے اقدامات کے حوالے سے منگل کے روزگول میز کانفرنس کا انعقادکیا گیا۔ ترجمان کے مطابق کانفرنس میں ٹیکسٹائل انڈسٹری کے نمائندگان مینوفیکچررز، سپلائرز، برآمد کنندگان،پرائیویٹ شعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد اور امریکی نمائندوں نے شرکت کی۔

اس موقع پرشرکا نے بین الاقوامی سطح پر ٹیکسٹائل کے شعبہ میں مقابلہ کرنے کے لئے پاکستان ٹیکسٹائل مینوفیکچررز کی اہلیت پر گلوبل وارمنگ کے اثرات پر تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے موسمیاتی تبدیلی کے پیش نظر ملکی ٹیکسٹائل انڈسٹری کی استعداد کار بڑھانے ،درپیش چیلنجز سے نمٹنے ،ٹیکسٹائل کے شعبے میں گرین بزنس طریقوں کو متعارف کروانے اور گلوبل وارمنگ سے بچا وپر مبنی اصلاحات پربھی روشنی ڈالی۔

کانفرنس میں ٹیکسٹائل پروڈکٹس کی پیداور اور فراہمی پر گلوبل وارمنگ کے اثرات کا جائزہ لیا گیااور اس سے نمٹنے کے لیے جامع پالیسی بنانے کے لئے سفارشات پیش کی گئیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریاستہائے متحدہ امریکہ کی ایجنسی برائے بین الاقوامی ترقی(یو ایس اے آئی ڈی) کے پاکستان میں ڈائریکٹر ریڈ جے ایشلیمان نے کہا کہ یو ایس اے آئی ڈی مشن کا مقصد ماحول کو متاثر کرنے والے امور کی نشاندہی کرنے اور پاکستان کے پائیدار مستقبل کے لئے موثر حکمت عملی تیار کرنے کے لئے عوامی اور نجی شعبوں کے ساتھ کھلی معلومات کے تبادلے کے لئے مزید مواقع فراہم کرنا ہے۔

انہوں نےیقین کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ریاستہائے متحدہ امریکہ عوامی اور نجی شعبے جیت کی ترجیحات پر مل کر کام کرتے رہیں گے، اپنے اہداف کے حصول اور پاکستانی ٹیکسٹائل سیکٹر کودرپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بطور شراکت دار امریکی حکومت اپنا تعاون جاری رکھے گی۔ ٹیکسٹائل مینوفیکچررز،ٹیکسٹائل انڈسٹری کے نمائندوں درآمدکنندگان، برآمد کنندگان اورماہرین نے ٹیکسٹائل شعبے کو پائیدار اور لچکدار معاشی ترقی کے حصول میں مدد فراہم کرنے کے حوالے سے اپنی اپنی پالیسی اور سفارشات پیش کیں۔

معروف امریکی ٹیکسٹائل برانڈز کے نمائندوں موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی سطح پر کامیابی سے اپنائے گئے بہترین طریقوں اور اسٹریٹجک منصوبوں کے بارے میں مقامی شرکا کو آگاہی دی۔انہوں نے سپلائی چین میں اضافہ کے لئے درکار کارپوریٹ ایکشن پر بھی تبادلہ خیال کیا۔