یو ایس ایڈ کا پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کے لئے 16.4 ملین ڈالر کی اضافی امداد کا اعلان

134
USAID
USAID

اسلام آباد۔7جون (اے پی پی):یو ایس ایڈ کی ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر ازوبیل کولمین نے پاکستان میں آنے والے 2022 کے تاریخی سیلاب اور اس کی تباہ کاریوں سے متاثرہ خاندانوں کے لئے 16.4 ملین ڈالر کی اضافی امداد کا اعلان کیا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق سیلاب نے ملک بھر میں 33 ملین افراد کو متاثر کیا اور انفراسٹرکچر، فصلوں، معاش اور مویشیوں پر تباہ کن اثرات مرتب کئے تھے۔یہ نئی فنڈنگ سیلاب سے متاثرہ دو کروڑ سے زیادہ افراد تک پہنچائی جائے گی تاکہ ان کی بہبود اور بحالی میں مدد ملے، یہ امداد خوراک کی عدم دستیابی اور غذائی قلت کو دور کرنے کے علاوہ بیماریوں کے پھیلاؤ کی روک تھام میں بھی مدد کرے گی۔

اس کے علاوہ یہ فنڈنگ ماؤں اور ان کے بچوں کو غذائیت سے بھرپور خوراک فراہم کرنے کے لئے یو ایس ایڈ کےہیومینیٹیرین شراکت داروں کی مدد کرنے کے ساتھ ساتھ، خاندانوں کو مستقبل کی آفات سے بچانے کے لئے مقامی بنیادی ڈھانچے کی تعمیر نو،صنفی تشدد کو روکنے اور بچ جانے والوں کو تحفظ فراہم کرنے میں بھی استعمال کی جائے گی۔2022کے وسط میں پاکستان میں شدید مون سون بارشوں اور اس کے نتیجہ میں آنے والے سیلاب کے بعد یو ایس ایڈ نے انسانی امداد کی قیادت کرنے اور متاثرہ کمیونٹیوں کو تیزی سے امداد فراہم کرنے کے لئے ڈیزاسٹر اسسٹنس رسپانس ٹیم کو تعینات کیا۔

اس ٹیم کے قیام کا مقصد امداد کو تیزی سے بڑھانے کے لئے شراکت داروں کے ساتھ کام کرنا اور امریکی محکمہ دفاع کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے ایک فضائی پل کو کامیابی سے مکمل کرنا تھا جس کے ذریعے پاکستان کو تقریباً 630 میٹرک ٹن زندگی بچانے والی امدادی اشیاء فراہم کی گئیں۔امریکہ پاکستان کو حالیہ سیلاب کے بعد انسانی امداد اور ترقی کے لئے اب تک 200 ملین ڈالر سے زیادہ کی امداد فراہم کر چکا ہےاور بڑے عطیہ دہندگان میں سے ایک ہے، امریکہ پاکستانی عوام کے ساتھ حالیہ تاریخی سیلاب کے اثرات سے نکلنے اور نمٹنے کیلئے ہمیشہ ساتھ کھڑا ہے۔