ڈھاکہ۔25فروری (اے پی پی):بنگلہ دیش نے کہا ہے کہ حکومت کے پاس امریکی ادارے یو ایس ایڈ کی طرف سے ملک میں سیاسی استحکام کے لئے دی گئی 29 ملین ڈالر کی گرانٹ کا کوئی ریکارڈ موجود نہیں ۔
ڈھاکہ ٹریبیون کی رپورٹ کے مطابق ایلون مسک کی سربراہی میں قائم نئے امریکی محکمے ڈیپارٹمنٹ آف گورنمنٹ ایفی شنسی کی طرف سے یو ایس ایڈ کی دیگر ممالک کو گرانٹ میں 723 ملین ڈالر کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے جس میں بنگلہ دیش کے لئے 29 ملین ڈالر اور بھارت کے لئے 21 ملین ڈالر کی امداد بھی شامل ہے۔
بنگلہ دیش کےسرکاری ادارے این جی او افیئرز بیورو کے ڈائریکٹر جنرل محمد انور حسین نے کہا کہ ان کے پاس یو ایس ایڈ کی طرف سے دی گئی 29 ملین کی رقم کا کوئی ریکارڈ موجود نہیں کیونکہ یہ رقم ان کے ادارے کے ذریعے این جی اوزکو فراہم نہیں کی گئی۔انہوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ ملک میں 75 سے زائد این جی اوز کو نہ صرف یو ایس ایڈسے فنڈز ملتے ہیں بلکہ امریکا میں مقیم عطیہ دہندگان سے بھی عطیات ملتے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ اگر غیر ملکی عطیہ دہندگان براہ راست رجسٹرڈ این جی اوز کو چندہ دیتے ہیں، تب ہی ہم رقم کا ریکارڈ رکھ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یو ایس ایڈ زیادہ تر روہنگیا پناہ گزینوں سے متعلق منصوبوں میں مدد کرتا ہے اور یہ مددجاری ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=565882