یو ایس ایڈ کے زیراہتمام سرمایہ کاری اور موسمیاتی تبدیلی کے موضوع پر اجلاس

101
USAID
USAID

اسلام آباد۔22جنوری (اے پی پی):امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی(یو ایس ایڈ) کے پروگرام انویسٹمنٹ پروموشن ایکٹویٹی کے زیر اہتمام سرمایہ کاری اور موسمیاتی تبدیلی کے موضوع پر اسلام آباد میں اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد غیر ملکی سرمایہ کاری کوفروغ دینے، پاکستان اور امریکہ کے درمیان دو طرفہ تجارت کو آگے بڑھانے اور پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے امریکی حکومت کے عزم کو اجاگر کرنا تھا۔ اجلاس کی اہم بات یو ایس ایڈ کے گرین الائنس گیمنگ چیلنج ایوارڈز تھی جس کا مقصد پاکستانی گیم ڈویلپرزکی جدت کو اجاگر کرنا اور سراہنا تھا۔ ان گیمز کی تخلیق ماحولیاتی مسائل کے بارے میں آگاہی کے ساتھ ساتھ ملک میں فروغ پانے والی گیمنگ کی صنعت کو بھی تقویت بخشنے میں مدد دیتی ہے۔ت

قریب میں ان پاکستانی فرمز کو سرٹیفکیٹس دیئے گئے جنہوں نے یو ایس ایڈ کی گرانٹس کو کامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچانے، اقتصادی شراکت داری کو آسان بنانے اور براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کیلئے احسن طریقے سے اقدام کیے۔ پاکستان میں یو ایس ایڈ کی مشن ڈائریکٹر کیٹ سوم وونگسری نے سیکرٹری بورڈ آف انویسٹمنٹ سہیل راجپوت کو ‘پاکستانی انویسٹمنٹ گائیڈ’ بھی پیش کی۔ یو ایس ایڈ کی مدد سے یہ گائیڈ پاکستان میں سرمایہ کاری شروع کرنے، سرمایہ کاروں کو راغب کرنے، اقتصادی ترقی کو فروغ دینے اور پاک امریکہ دوطرفہ تجارتی تعلقات کو مستحکم بنانے میں سٹریٹجک ٹول کے طور پر کام کرے گا۔

مشن ڈائریکٹر سوم وونگسری نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سرمایہ کاری اور موسمیاتی سربراہی اجلاس پاکستان میں اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کی کوششوں میں امریکہ کے غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتا ہے ۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ گرین الائنس گیمنگ چیلنج ایوارڈز، یو ایس ایڈ گرانٹس اور پاکستان انویسٹمنٹ گائیڈ کو اجاگر کرنے کے اقدامات کا مقصد ایک لچکدار معیشت کو فروغ دینا، غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنا اور دو طرفہ تجارتی تعلقات کو وسعت دینا ہے۔

اجلاس میں یو ایس ایڈ-آئی پی اے اور تین پاکستانی کمپنیوں شمس پاور، ولی ٹیکنالوجیز اور الحدید کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط بھی کیے گئے۔ معاہدے کے تحت اگلے 9 سے 12 مہینوں میں بین الاقوامی سرمایہ کاری کی مد میں 53 ملین ڈالرز اکٹھے کیے جائیں گے۔ وفاقی وزیر تجارت گوہر اعجاز نے اس موقع پر امریکی حکومت کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ یو ایس ایڈ ترقی کے شعبے میں پاکستان کی معاونت کرنے میں ہمیشہ پیش پیش رہا ہے اور یہ تعاون نہایت ہی قابل تعریف ہے۔

پاکستانی حکومت سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول کے قیام، سرمایہ کاری کے جدید تقاضوں کو فروغ دینے اور تجارتی عمل کی راہ کو مزید ہموار اور مستحکم بنانے کیلئے پر عزم ہے۔ سرمایہ کاری اور موسمیاتی سربراہی اجلاس امریکہ اور پاکستان کے درمیان مستحکم شراکت داری کے ٹھوس نتائج کا واضح ثبوت ہے جس میں ایف ڈی آئی میں اضافے اور دو طرفہ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے پر زور دیا جائے گا۔