یو ایس ایڈ کے زیر اہتمام پائیدار امن کے لئے انسانی حقوق کی اہمیت” کے موضوع پر 2 روزہ کانفرنس اختتام پذیر

133

اسلام آباد۔20دسمبر (اے پی پی):امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) کے زیر اہتمام” پائیدار امن کے لئے انسانی حقوق کی اہمیت” کے موضوع پر دو روزہ کانفرنس کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئی۔ تقریب کا اہتمام یو ایس ایڈ کے ہم آہنگ پروجیکٹ اور سینٹر فار پیس اینڈ ڈویلپمنٹ انیشیٹوز (سی پی ڈی آئی) کے تعاون سے کیا گیا تھا۔ تقریب میں ملک میں درپیش انسانی حقوق کے مسائل کو حل کرنے کے لئے پالیسی سازوں، ماہر تعلیم،سماجی کارکنوں اور سول سوسائٹی کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ کانفرنس میں امن، شمولیت اور سماجی انصاف کے فروغ میں انسانی حقوق کے اہم کردار پر زور دیا۔ شرکاء نے تعلیم تک رسائی، خواتین، بچوں، اقلیتوں اور معذور افراد سمیت غیر محفوظ گروہوں کے حقوق اور صنفی بنیاد پر تشدد جیسے موضوعات پر روشنی ڈالی۔

مقررین نے پاکستان میں انسانی حقوق کے حوالے سے قابل عمل اقدامات پر زور دیا، جن میں عوامی آگاہی، قانون سازی کے فریم ورک اور اداروں کو مضبوط کرنا، تعلیم کے شعبے میں سرمایہ کاری ، پسماندہ طبقات کے لیے انصاف کو فروغ دینا، اور جمہوری طرز حکمرانی میں سول سوسائٹی کے کردار کی اہمیت شامل ہیں۔ ان مسائل اور ان کے حل کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے سندھ کی وزیر برائے ترقی نسواں شاہینہ شیر علی نے کہا کہ انسانی حقوق ایک پرامن اور روادار معاشرے کی بنیاد ہیں۔ قانون سازی کے اقدامات کو انسانی حقوق کے بین الاقوامی معیار کے مطابق ہونا چاہئے۔ وائس چانسلر شاہ عبداللطیف یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد یوسف خشک نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی روک تھام اور جمہوری اقدار کے فروغ میں تعلیم کے کردار پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے انسانی حقوق اور قانون کی حکمرانی کے مسائل پر کام کرنے کے لئے یونیورسٹی کی یوتھ اسمبلی کی تعریف کی۔ یو ایس ایڈ ہم آہنگ کی نمائندگی کرتے ہوئے حسیب اقبال نے باہمی تعاون کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ انسانی حقوق کی پاسداری اور ان کو عملی طور پر لاگو کرنے میں تمام سٹیک ہولڈرز کی اجتماعی کوششیں بہت اہم ہیں اور اس تواتر کو برقرار رہنا چاہئے۔ تقریب کا اختتام ایک پر اثر تھیٹر پرفارمنس کے ساتھ ہوا جس میں سماجی چیلنجوں کی عکاسی کی گئی اور انسانی حقوق کی اہمیت پر زور دیاگیا۔ شرکاء نے مکالمے، کیپسٹی بلڈنگ ورکشاپس اور تعلیمی اداروں، سول سوسائٹی اور حکومتی اداروں کےمابین تعاون پر زور دیا۔ یو ایس ایڈ ہم آہنگ پراجیکٹ نے سماجی مساوات اور امن کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

یہ کانفرنس پاکستان کے پسماندہ خطوں میں امن، سماجی ہم آہنگی اور ترقی کے حصول میں ایک اہم سنگ میل ہے۔