یو این او ڈی سی کے وفد کی آئی جی سے ملاقات،ڈاکٹر عثمان انور نے پنجاب پولیس میں اصلاحات بارے آگاہ کیا

117

لاہور۔20دسمبر (اے پی پی):اقوام متحدہ کے ادارے یونایٹڈ نیشن آفس آن ڈرگس اینڈ کرائم کے وفد نے سنٹرل پولیس آفس میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ملاقات کی۔ وفد میں چیف آف مشن ٹروئیلز ویسٹر ،ایڈوائزر کریمنل جسٹس اینڈ رول آف لاء ارسلان ملک اور پروگرام آرگنائزر فہد قریشی شامل تھے ۔ترجمان کے مطابق اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز وقاص نذیر، ڈی آئی جی ٹریننگ، اے آئی جی آپریشنز پنجاب، اے آئی جی ویلفیئر سمیت سینئر افسران بھی موجود تھے۔آئی جی پنجاب نے وفد کو دہشت گردی، لاء اینڈ آرڈر کے قیام اور کرائم کنٹرول کے حوالے سے درپیش چیلنجز سے آگاہ کیا ۔

وفد کو گزشتہ دو سال میں پنجاب پولیس میں کی گئی جدید انفراسٹرکچر و پولیسنگ اصلاحات اور سروس ڈیلیوری اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا جبکہ سینئر پولیس افسران نے وفد کو منشیات کے خلاف سپیشلائزڈ نارکوٹکس انوسٹی گیشن یونٹ کی کارکردگی بارے بریفنگ دی ۔ترجمان نے بتایا کہ اینٹی رائٹ فورس، آرگنائزڈ کرائم یونٹ، سیف سٹیز،ویلفیئر اینڈ پروموشن اور سپیشل انیشئیٹو پولیس سٹیشنز کے پراجیکٹس مکمل کئے گئے ہیں۔یو این او ڈی سی کے وفد نے پنجاب پولیس کو انویسٹی گیشن، آئی ٹی، سائبرکرائم سمیت مختلف شعبوں میں ٹریننگ دینے میں دلچسپی کا اظہار کیا اور دہشت گردی

شرپسندی کے تدارک کے لئے پنجاب پولیس کے اقدامات و قربانیوں کو سراہا۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب حکومت کی فنڈنگ سے پولیس انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کو بہتر جبکہ سرحدی چوکیوں اور تھانوں کو مزید محفوظ بنایا گیا ہے۔