یو این ڈی پی کے زیر اہتمام ڈیزاسٹر رسک میں کمی اور ابتدائی وارننگ سسٹم سے متعلق ورکشاپ کا انعقاد

99
UNDP
UNDP

نوشہرو فیروز۔ 06 مئی (اے پی پی):یونائیٹڈ نیشن ڈویلپمنٹ پروگرام ( یو این ڈی پی) کی جانب سے رسک گورننس فریم ورک پروجیکٹ کے تحت ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے لئے ڈیزاسٹر رسک میں کمی، تیاری اور ابتدائی وارننگ سسٹم کے متعلق ایک روزہ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ ورکشاپ میں قدرتی آفات سے قبل، دوران اور بعد کے خطرات سے نمٹنے کیلئے موثر حکمت عملی بنانے پر بات چیت کی گئی۔

اس موقع پر لیڈ کنسلٹنٹ یو این ڈی پی شکری رحمٰن، ڈی آر آر کنسلٹنٹ نوشہرفیروز مظہر علی، ڈی آر آر کنسلٹنٹ جامشوروارسلان بگھیو،ڈی آر آر کنسلٹنٹ ٹھٹھہ نعمان علی بھٹی نے کہا کہ ورکشاپ کا مقصد قدرتی آفات کے دوران تباہی کو گھٹانے اور خطرے کو کم سے کم کرنے کی حکمت عملی تیار کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فریم ورک آفات سے نمٹنے کی کوششوں میں موثر ہم آہنگی اور شمولیت کو یقینی بنانے کے لئے مختلف سرکاری اداروں، سول سوسائٹی کی تنظیموں اور کمیونٹیز پر مشتمل ایک جامع نقطہ نظر اپنا نا ہے۔ انہوں نے اس پروجیکٹ کے مقاصد، موجودہ وسائل اور صلاحیتوں کو موثر طریقے سے قدرتی آفات کی تباہی کے خطرے میں کمی اور در عمل کے متعلق شرکاء کو تفصیلی آگاہی فراہم کی۔

ورکشاپ کا بنیادی مقصد خطرات کی زد میں آنے والے علاقوں میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے لئے موثر منصوبہ بندی کی اہمیت کو اجاگر کیا۔اس موقع پر ورکشاپ کے شرکاء کو اپنے اپنے تجربات اور طریقہ کار کے تبادلے کا موقع فراہم کیا گیا اور مستقبل کے خطرات سے نمٹنے کے لئے ضروری اقدامات کی اہمیت اور افادیت پر بحث ہوئی۔ ورکشاپ کے دوران مقامی منصوبہ بندی، قدرتی آفات کے تناظر میں ضروری اقدامات، کمیونٹی کی شرکت اور منفی اثرات کو کم کرنے پر زور دیا گیا۔ ورکشاپ میں ہنگامی حالات کے دوران متعلقہ محکموں کے کردار پر روشنی ڈالی گئی جبکہ ضلع میں کام کرنے والی سماجی بھلائی کی تنظیموں کے ساتھ تعاون کے مواقع اور آفات کے دوران وسائل کی کمی اور نقل حرکت کے مسائل جیسے چیلنجوں پر بھی توجہ مرکوز کی گئی۔

اس موقع پر شرکاء نے قدرتی آفات سے نمٹنے کے لئےموثر حکمت عملی کی تیاری کیلئے اپنی اپنی تجاویز پیش کیں۔ ورکشاپ میں محکمہ تعلیم، صحت، پولیس، ریونیو، لوکل گورنمنٹ، زراعت، بلڈنگز، ہائی ویز، انفارمیشن، سوشل ویلفیئر کے افسران اور سماجی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔